ہیڈلی الزامات من گھڑت ہیں: پاکستان فوج
- مصنف, بیورو رپورٹ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان فوج نے میڈیا میں شائع ہونے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں ذرائع کے حوالے سے ممبئی حملوں میں مبینہ طور پر ملوث ڈیوڈ ہیڈلی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس نے فوج اور خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے تین ایسے افسروں کے نام لیے ہیں جو ممبئی حملوں میں براہ راست ملوث تھے۔

فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق یہ الزامات غلط اور من گھڑت ہیں جن کا مقصد پاکستان فوج اور آئی ایس آئی کو بدنام کرنا ہے۔ بیان کے مطابق ڈیوڈ ہیڈلی اور پاکستان فوج یا آئی ایس آئی کے درمیان کوئی تعلق یا رابطہ نہیں ہے۔
اس بیان کی وجہ بھارتی جریدے ’آؤٹ لک’ کی وہ رپورٹ ہے جس میں لشکر طیبہ کے مبینہ کارکن ڈیوڈ ہیڈلی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس نے امریکہ کی ایک عدالت میں اپنے اعتراف جرم میں مبینہ طور پر بتایا ہے کہ ممبئی پر حملوں میں ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کے ساتھ پاکستانی فوج کے تین اعلٰی حاضر سروس افسر بھی ملوث تھے۔

















