سچن کے خون کے پیاسے، انڈین ہاکی میں طوفان

- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
سچن ٹنڈولکر کی زندگی کا سفر انتہائی دلچسپ ہے یہ تو ہم بھی مانتے ہیں لیکن کتاب کے صفحات میں خون کے قطرے شامل کرنا اور پھر اسے پچہتر ہزار ڈالر میں بیچنا، بات شاید تخلیقی حدود سے آگے نکل گئی ہے۔
اور وہ کون لوگ ہیں جنہوں نے دس کی دس جلدوں کی ایڈوانس بکنگ کرالی ہے؟ وہ اتنی بھاری قیمت ادا کرکے سچن کا خون کیوں خریدنا چاہتے ہیں؟
اگر سچن کو اس کی عادت پڑ گئی تو کیا ہوگا؟ پھر وہ کرکٹ کے میدان پر اپنا وقت کیوں خراب کریں گے! یہ بھی اچھا ہی ہے کہ ان کا خون صرف دس کتابوں میں شامل کیا جارہا ہے، کیونکہ اگر کتاب اچھی بکنے لگی تو لینے کے دینے پڑ جائیں گے!
قوم کا سر بلند رکھیں لیکن گھٹنے سنھبال کر!

ہندوستان اور پاکستان کی اعلیٰ ترین سیاسی قیادت کے لیے واہگہ بارڈر چیک پوسٹ سے ایک پیغام ہے: کوئی ایسا کام نہ کریں جو خود آپ کے لیی مضر صحت ہو۔
یہ خبر تو آپ نے کہیں نہ کہیں دیکھ ہی لی ہوگی کہ واہگہ کی سرحدی چوکی پر گارڈ کی تبدیلی کے وقت جو تماشا ہوتا تھا، اس کی شدت میں کمی کی گئی ہے۔ کیونکہ اس سے جوانوں کے لیے صحت کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
اب زمین پر پیر پٹخ کر قوم کا وقار سربلند رکھنے کی کوشش نہیں کی جائے گی!
ہاکی انڈیا میں طوفان

ہندوستان میں خواتین ہاکی پلئرز نے اپنے کوچ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ انتہائی سنگین الزامات ہیں اور اعلیٰ عہدیداران سخت کارروائی کا وعدہ کر رہے ہیں۔۔۔اور معاملے کی حساس نوعیت کے پیش نظر کوئی کمنٹ کرنا بھی مناسب نہیں۔
لیکن ظاہر ہے کہ ٹی وی پر یہ خبر مسلسل چل رہی ہے۔ اور رد عمل کے لیے جن لوگوں سے رابطہ کیا گیا ہے ان میں پنجاب پولیس کے سابق سربراہ اور ہاکی فیڈریشن کے صدر کے پی ایس گل بھی شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
موجودہ ہنگامے سے خواہ اس بات کو کوئی تعلق نہیں لیکن ایک سینئر خاتون آئی اے ایس افسر نے انیس سے اٹھاسی میں ان پر بھی جنسی چھیڑ چھاڑ کا الزام لگایا تھا اور عدالت میں جرم ثابت بھی ہوا تھا۔ اس کے باوجود وہ ہاکی فیڈریشن کے سربراہ بنے۔
شاید پہلے ہی واضح پیغام دیا جاتا تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔





















