سمجھوتہ کی تفتیش پر اشتراک ابھی نہیں

سمجھوتہ ٹرین
،تصویر کا کیپشنسمجھوتہ دھماکے مین تقریبا ستّر افراد ہلاک ہوئے تھے

بھارت نےسمجھوتہ ایکسپریس دھماکے سے متعلق تفتیشی رپورٹ پاکستان کو فی الوقت دینے سے منع کر دیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ابھی ایسا کرنا قبل از وقت ہوگا۔

پاکستان نےگزشتہ روز تحقیقاتی رپورٹ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

بھارت کی وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو یہ پیغام بھیج دیں کہ این آئی اے (نیشنل انویسٹی گیٹیو ایجنسی) نے دو ہزار ساتھ کے سمجھوتہ دھماکے کے متعلق ابھی اپنی تفتیش مکمل نہیں کی ہے۔

بھارت کے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے ایک سینیئر اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’اس موقع پر معلومات کا اشتراک بہت جلد بازی ہوگی۔ تفتیش ابھی جاری ہے۔ جب یہ مکمل ہو جائیگی تب ہم اس کے متعلق مناسب فیصلہ کریں گے۔‘'

پیر کے روز پاکستانی دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں تعینات بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر جی وی شری نِواس کو دفترِ خارجہ طلب کیاگیا اور سمجھوتہ ایکسپریس میں ہونے والے دھماکوں کی تحقیقات کی رپورٹ طلب کی تھی۔

حال ہی میں سخت گیر ہندو تنظیم آر ایس ایس کے ایک رہنماء سوامی آ‎یما نند نے سمجھوتہ ایکسپریس، اجمیر، مالیگاؤں اور مکّہ مسجد میں بم دھماکہ کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ میں اس کی تفصیلات شائع ہوئي ہیں اور اسی کے پس منظر میں پاکستان نے تحقیقاتی رپورٹ طلب کی ہے۔

اس دوران این آئی آے نے سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکوں کے سلسلے میں سوامی آسمیا نند کے دو فرار ساتھی سندیپ ڈانگے اور رام چندر کل سانگر کا پتہ بتانے والے کو دس دس لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔

انہیں اطلاعات کے پس منظر میں آر ایس ایس تنظیم کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کی بحث بھی تیز ہوگئی ہے۔ آر ایس ایس کی حامی بھارتیہ جنتا پارٹی اس کی حمایت میں اتر آئی ہے جبکہ کانگریس اور دیگر تنظیمیں اس پر نکتہ چینی کر رہی ہیں۔