ڈیرہ اسماعیل خان: بم دھماکے میں نو ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان دھماکہ
،تصویر کا کیپشناس سے قبل بھی ڈیرہ اسماعیل میں بم دھماکے اور خودکش حملے ہوچکے ہیں
    • مصنف, دلاور خان وزیر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس حکام کے مطابق ایک بم دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ بیس زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ طاقتور دھماکہ اتوار کو ڈیرہ سٹی تھانے کے حدود میں واقع تجارات گنج کے علاقے میں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بم ایک ریڑھی میں نصب کیا گیا تھا جو پہلے سے نامعلوم افراد نے تجارات گنج منڈی کے احاطے میں کھڑی کردی تھی۔

پولیس اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں میں عام شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو ڈیرہ ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد اکٹھے کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔جبکہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ ڈیرہ میں سنی شیعہ فسادت کی وجہ سے پہلے ہی سے پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں میں ناکے لگا رکھے ہیں۔

اس سے قبل بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں بم دھماکے اور خودکش حملے ہوچکے ہیں جس میں بظاہر سکیورٹی اہلکار یا اہل تشیع کے لوگ نشانہ تھے۔ لیکن یہ پہلی بار ہے کہ ایک عام چوک میں دھماکہ کیاگیا ہے جس میں عام شہری نشانہ بنے ہیں۔