بینظیر قتل کی باقاعدہ تحقیقات کل سے

- مصنف, عزیزاللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کے لیے تشکیل دیا جانے والا اقوام متحدہ کا تین رکنی کمیشن جمعرات سولہ جولائی سے اسلام آباد میں باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر رہا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ کمیشن پہلی مرتبہ پاکستان آ رہا ہے جبکہ ایک ٹیکنیکل ٹیم اس سے پہلے پاکستان کا دورہ کر چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کمیشن کے ارکان کل یعنی جمعرات کو یہاں اسلام آباد پہنچ رہے ہیں لیکن ایسی اطلاعات ہیں کہ ایک رکن آج اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جبکہ دو ارکان کل پہنچیں گے۔
یہ کمیشن تین روز تک پاکستان میں قیام کرے گا اوراس دوران بے نظیر بھٹو کے قتل کے بارے میں تمام شواہد اور دیگر معلومات حاصل کرے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ یہ کمیشن پاکستان میں کن لوگوں سے ملاقات یا پوچھ گچھ کرے گا۔ اس کے علاوہ سرکاری طور پر کمیشن کے اراکین کی آمد اور اس کے علاوہ ان کی سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی واضح اطلاعات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔
اس کمیشن میں چلی کے اقوام متحدہ کے مستقل نمائندے کے علاوہ انڈونیشیا اور آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے دو ارکان شامل ہیں۔
یہ کمیشن پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ نے قائم کیا تھا اور اس پر ایک اندازے کے مطابق پچاس لاکھ ڈالر خرچ آئے گا۔ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات نے بے نظیر بھٹو کی تحقیقات کے لیے قائم ایک فنڈ میں پانچ لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ صدر پاکستان کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق یہ کمیشن صرف حقائق اور حالات کے بارے میں معلومات حاصل کرکے اپنی رپورٹ چھ ماہ میں تیار کر کے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پیش کرے گا۔
اس سے پہلے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں سکاٹ لینڈ یارڈ کے ماہرین بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کے لیے پاکستان آئے تھے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کا یہی مطالبہ رہا ہے کہ یہ تحقیقات اقوام متحدہ سے کرائی جائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے دو ہزار آٹھ میں اقتدار میں آنے کے بعد اقوام متحدہ سے تحقیقات کے لیے پیش رفت کی ہے اور اقوام متحدہ نے اس کمیشن کا اعلان فروری دو ہزار نو میں کیا جبکہ جون کے مہینے میں تیسرے رکن کی شمولیت سے کمیشن مکمل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بے نظیر بھٹو کو ستائیس دسمبر سنہ دو ہزار سات کو لیاقت پارک کے قریب جلسے سے خطاب کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















