حملے کی اطلاع ہے تو ثبوت دیں:قریشی

- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر بھارتی حکومت کے پاس پاکستان کی سرزمین سے کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے حملے کی اطلاعات یا ثبوت موجود ہیں تو اُن کے بارے میں پاکستانی حکومت کو آگاہ کریں تاکہ اُن کا سدباب کیا جاسکے۔
منگل کو فارن سروسز اکیڈمی میں منعقدہ ایک تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کے اس بیان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارت پر مستقبل میں پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کے ایک اور حملے کا خطرہ ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور بھارتی وزیر اعظم کے درمیان مصر کے شہر شرم الشیخ میں ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا تھا کہ دونوں ملکوں کو دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک دوسر ے سے تعاون اور معلومات کا تبادلہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دنیا نے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنا کچھ کیا ہے کہ اب امریکہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک پاکستانی حکومت سے کہہ رہے ہیں کہ وہ بتایئں کہ اب ہمیں پاکستان کے لیے کیا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر باراک اوباما آئندہ ہونے والے فرینڈز آف پاکستان کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
امریکی ڈرون طیاروں کی ٹیکنالوجی کی پاکستان میں منتقلی پر بھارتی حکومت کی طرف سے واویلا کرنے کے بارے میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے دفاعی بجٹ میں کئی گنا اضافہ کیا ہے اور پاکستان نے اس پر اپنے تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور وہ کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔
افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ ان انتخابات میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات شفاف اور منصفانہ ہونے چاہیں جس کے نتائج کو افغان عوام اور عالمی برادری تسلیم کرے۔

















