’مشرف پر مقدمہ، فیصلہ نہیں کیا‘

یوسف رضا گیلانی(فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنملک میں اس وقت جمہوریت ہے اور جمہوریت میں کوئی مائنس ون فارمولا نہیں ہوتا ہے

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ قائم کرنے کے بارے میں ابھی کسی حتمی رائے پر نہیں پہنچے ہیں اور جنرل مشرف کے ٹرائیل کے طریقہ کار پر مسلم لیگ نون کے ساتھ اختلاف ہے۔

انہوں نے یہ بات اتوار کے روز پیپلز پارٹی کے رہنما سردار آصف احمد علی کے گھر پر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

جب وزیر اعظم سے پوچھا گیا کہ کیا سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف اب آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت ٹرائل نہ کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے تو انہوں نے کہا کہ ابھی کوئی بات طے نہیں ہوئی ہے اور سابق صدر مشرف کے خلاف مقدمہ کے لیے کیا طریقۂ کار ہوگا اس پرمسلم لیگ ن سے اختلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے مشرف آمریت کے دوران جلاوطنی اور جیلیں کاٹی ہیں اس لیے ان کے احساسات میں کوئی فرق نہیں ہے۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک میں اس وقت جمہوریت ہے اور جمہوریت میں کوئی مائنس ون فارمولا نہیں ہوتا ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور نواز شریف ان سے مایوس نہیں ہوسکتے ہیں۔ ان کے بقول وہ مسلم لیگ ن کے ساتھ متواتر رابطے میں ہیں۔ دہشت گردوں کی کارروائیوں کے بارے میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دشت گردوں کا زور ٹوٹ گیا ہے اور اب وہ بھاگ رہے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ چینی کا بحران جلد حل ہوجائےگا کیونکہ اس ضمن میں فیصلے کیے گئے ہیں۔