لاہور حملہ: تمل ٹائیگرز کا ہاتھ

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے تانے بانے سری لنکا کے تمل ٹائیگر سے ملتے ہیں۔ جس کے بارے میں سری لنکن حکومت بہت جلد پاکستان کو شواہد فراہم کرے گی۔
اتوار کو اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نےکہا کہ گزشتہ ہفتے لیبیا میں ایک غیر رسمی ملاقات میں سری لنکا کے صدر نے انہیں بتایا تھا کہ لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے کے واقعے کی بعض کڑیاں ان کے ملک میں ملتی ہیں۔
وزیراعظم کے بقول سری لنکا کے صدر نے انہیں بتایا کہ تمل ٹائیگرز بہت سے غیر ملکی دہشت گرد گروپوں کی مالی امداد کرتے رہے ہیں جن میں پاکستان کے بعض شدت پسند گروہ بھی شامل ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ سری لنکا کے صدر نے انہیں بعض شواہد بھی دیے جن سے لاہور حملے کے ساتھ تمل ٹائیگرز کا تعلق بنتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان تحقیقات کو آگے بڑھانے اور شواہد اور تحقیقات کا تبادلہ کرنے کے لیے پاکستانی وزارت داخلہ کے افسران اور تحقیق کار بہت جلد سری لنکا کا دورہ کریں گے۔
سوات اور ملاکنڈ کی صورتحال کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ان علاقوں میں کامیاب فوجی کارروائی کے بعد حکومت سوات سے نکلنے کی سٹریٹیجی پر غور کر رہی ہے۔
تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ فوج علاقے میں رہے گی اور وہاں کنٹونمنٹ کے قیام کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

















