’ڈاکٹر عافیہ کی امریکہ منتقلی غیر قانونی‘

- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے امریکہ میں زیر حراست ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکہ منتقلی کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور اس بارے میں عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کے بارے میں جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس اجلاس میں بیرون ملک گرفتار پاکستانیوں کے بارے میں غور کیا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ نے قائمہ کمیٹی کے اراکین کو بتایا ہے کہ اس وقت چھ ہزار تین سو سینتیس پاکستانی بیرون ملک جیلوں میں ہیں جن میں دو ہزار ایک سو پینتالیس منشیات ، دو ہزار آٹھ سو گیارہ دیگر مقدمات اور نو سو پینتیس پاکستانی امیگریشن کے حوالے گرفتار ہیں۔
قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں ہوا ہے جس میں وزارت داخلہ نے کمیٹی کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے حکومت نے امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سے بات کی ہے۔
اس کمیٹی کے رکن سینیٹر ڈاکٹر عبدالمالک نے بی بی س کو بتایا ہے کہ آج اجلاس میں امریکہ میں زیر حراست ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بارے میں وزارت خارجہ کے حکام سے کہا گیا ہے کہ اس کا جائزہ لیں کہ کیا اس سلسلے میں بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں یہ بتایا گیا ہے کہ امریکہ اور افغانستان بین الاقوامی عدالت انصاف کے ساتھ وابستہ نہیں ہیں اس لیے دونوں ممالک شاید یہ فیصلہ تسلیم نہ کریں تاہم ماہرین سے اس کا جائزہ لینے کے لیے کہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں ان گیارہ پاکستانی طالب علموں کے بارے میں بھی بات کی گئی ہے جنہیں برطانیہ میں گرفتار کیا گیا تھا اور پھر وہ بے گناہ پائے گئے تھے۔
اس اجلاس میں اراکین کو بتایا گیا ہے کہ حکومت نے عافیہ صدیقی کے وکلا کی خدمات حاصل کرنے کے لیے بیس لاکھ ڈالر کی منطوری دی ہے۔ اس کے علاوہ اس اجلاس میں عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سفارتی اور قانونی طریقے استعمال کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
اجلاس کے بعد سینیٹر طلحہ محمود نے ذرائع ابلاغ سے باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اگر پاکستانی عوام کے ساتھ اچھے روابط رکھنا چاہتا ہے توعافیہ صدیقی کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جب عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے کیا گیا تھا تو اس وقت کے وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















