خلائی شٹل ڈسکوری کی واپسی

امریکی خلائی ادارے ناسا کی سٹل ڈسکوری تیرہ روز خلا میں عالمی خلائی سٹیشن پر گزارنے کے بعد واپس پہنچ گئی ہے۔ ڈسکوری امریکی ریاست فلوریڈا میں اتری۔
ڈسکوری میں سوار سات خلا بازوں نے مشن کے دوران خلائی سٹیشن پر شمسی توانائی کے پینل نصب کیے ہیں۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں ڈسکوری کے مشن کنٹرول نے اس کے زمین پر اترنے کے بعد خلا بازوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں عالمی خلائی سٹیشن کو توانائی کی فراہمی کے ’عظیم مشن‘ کی کامیابی پر مبارکباد دی۔
دریں اثنا ایک روسی خلائی کیپسول، جس میں ایک امریکی ارب پتی بھی سوار ہیں، عالمی خلائی سٹیشن پر پہنچ چکا ہے۔ امریکی ارب پتی چارلز سمونیل سافٹ ویئر ڈیزائنر ہیں اور بحیثیت خلائی سیاح یہ ان کا دوسرا دورہ ہے۔
ڈسکوری پندرہ مارچ کو مشن پر روانہ ہوئی تھی اور آٹھ روز بعد اس کا واپسی کا سفر شروع ہوا۔
ناسا اب خلائی شٹل اٹلانٹس کو خلا میں بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اٹلانٹس کو اکتیس مارچ کو لانچ پیڈ پر لے جایا جائے گا اور اس کی روانگی بارہ مئی کو متوقع ہے۔ اٹلانٹس کے مشن کے دوران خلائی دوربین ہبل کی سروس کی جائے گی۔ یہ مشن اکتوبر سن دو ہزار آٹھ سے مؤخر کیا جا رہا ہے۔



