مائیکرو سافٹ:نسل پرست تنازعہ

دونوں تصاویر
،تصویر کا کیپشنتصویر کمپنی کی پولش ویب سائٹ پر مختلف انداز میں شائع تھی

مائیکرو سافٹ نے ایک تصویر کو ایڈٹ کرکے اس میں ایک سیاہ فام شخص کے چہرے کی جگہ سفید فام شخص کا چہرہ لگانے پر معافی مانگی ہے۔

تصویر میں کچھ ملازمین کو ایک میز کے گرد بیٹھا دکھایا گیا ہے جو ایڈیٹنگ کے بغیر کمپنی کی امریکی ویب سائٹ پر موجود تھی لیکن وہی تصویر کمپنی کی پولش ویب سائٹ پر مختلف انداز میں شائع کی گئی تھی جس میں سیاہ فام شخص کے چہرے پر سفید فام چہرہ لگا دیا گیا جبکہ اس شخص کے ہاتھوں کا رنگ وہی تھا۔

مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ وہ تصویر ہٹا لی گئی ہے اور اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ یہ تبدیلی کس نے کی تھی۔مائیکرو سافٹ نے اس کے لیے معافی بھی مانگی ہے۔

تبدیل کی ہوئی یہ تصویر فوراً ہی انٹرنیٹ پر گردش کرنے لگی جس میں ایک سفید فام خاتون اور ایک ایشیائی مرد کو بھی دکھایا گیا ہے۔

بلاگروں نے اس پر اپنی رائے دینی شروع کر دی۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ مائیکرو سافٹ سفید چہرے اور کالے ہاتھوں کی تصویر کا استعمال کر کے ہر طرح کے کاروباریوں کو خوش کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

کچھ لوگوں کا یہ بھی خیال تھا کہ ہو سکتا ہے کہ چونکہ پولینڈ کی زیادہ تر آبادی سفید فام ہے اسی بات کو مدِ نظر رکھ کر تصویر میں ایسی تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہو۔