قوت مدافعت جین کی دریافت

برطانوی سائنسدانوں نے ایک ایسا ماسٹر جین دریافت کیا ہے جو بیماریوں سے لڑنے کے نظام کو متحرک کرتا ہے۔
ماسٹر جین خون میں موجود سٹیم خلیے کو بیماری کے لڑنے میں مدد دیتا ہے۔ سائنسدان امید کر رہے ہیں کہ اس دریافت سے نئے طریقے وضع کیے جائیں گے جس سے انسانی جسم میں ایسے خلیے بننے میں مدد ملے گی جو سرطان سے لڑنے میں مؤثر ثابت ہوں گے۔ اس خلیے کو نیچرل کلر خلیہ کہا جاتا ہے۔
یوینیورسٹی کالج لندن کے امپیریل کالج اور نیشنل انسٹیٹیوٹ فار میڈیکل ریسرچ کے تحقیق دانوں نے چوہے بنائے ہیں جن میں یہ اہم جین نہیں ہے۔ ان چوہوں میں فرق صرف اتنا ہے کہ ان میں ماٹس جین نہیں ہے۔ ان چوہوں پر تحقیق سے سائنسدانوں کو ایک موقع ملا ہے جس سے وہ نیچرل کلر سیل کے بیماری سے لڑنے کی صلاحیت حوالے سے مزید معلومات حاصل کر سکیں گے۔ اسی سیل سے عورتوں میں بنجر پن کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہو پائیں گی۔
مناسب طور پر کام کرنے والے نیچرل کلر خلیے سفید خونی خلیے کی ایک قسم ہوتے ہیں جو انسانی جسم میں بیماریوں کے خلاف دفاع کا کام کرتے ہیں جیسے کہ رسولی کے خلیوں، وائرس اور جراثیم۔ اس تحقیق کا مقصد یہ ہے کہ ایسی دوا تیار کی جائے کو نیچرل کلر خلیے کی پیداوار میں اضافہ کرے۔

















