فیس بک کی نئی اور آسان پرائیویسی سیٹنگز
دنیا میں سماجی روابط کی مقبول ویب سائٹ ’ فیس بک‘ نے اپنے تمام صارفین کے لیے نئی اور آسان ’پرائیویسی سیٹنگز‘ پیش کر دی ہیں۔
فیس بک نے گزشتہ برس دسمبر سے اپنی پرائیویسی سیٹنگز میں تبدیلی کا عمل شروع کیا تھا اور رواں برس اپریل میں فیس بک نے اپنے صارفین کی معلومات دیگر ویب سائٹس کو فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم ان اقدامات کے نتیجے میں فیس بک کو صارفین کی کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کچھ صارفین نے ان نئی پرائیویسی سیٹنگز کے خلاف اکتیس مئی سے فیس بک کا استعمال ترک کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کے مطابق پرائیویسی کے معاملے پر کمپنی سے غلطی ہوئی ہے اور یہ سیٹنگز صارفین کے لیے ’بہت پیچیدہ‘ ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں کنٹرولز کو آسان بنانے کی ضرورت ہے‘۔
انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ لوگ اس طریقے سے معلومات کا تبادلہ کریں جیسے کہ وہ چاہتے ہیں۔ ہمارا مقصد آپ کی معلومات کو زیادہ نجی بنانا یا پھر عام کرنا نہیں ہے‘۔
نئی سیٹنگز کے تحت فیس بک صارف کو ایک پرائیویسی صفحے پر تمام ایپلیکیشنز کی فہرست مہیا کی جائے گی اور وہ ان کے لیے تین میں سے ایک آپشن کا انتخاب کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ اس وقت فیس بک کی پرائیویسی سیٹنگز میں پچاس مختلف سیٹنگز اور ایک سو ستّر مختلف آپشن موجود ہیں۔

















