’گوگل کا اقدام غیرقانونی ہو سکتا ہے‘

امریکی عدالت نے فیصلہ دیا ہے کہ مشہور انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کا وائی فائی نیٹ ورک سے ڈیٹا حاصل کرنے کا اقدام غیر قانونی ہو سکتا ہے۔

گوگل کی کوشش تھی کہ وہ اس مقدمے کو یہ مؤقف اختیار کر کے خارج کرادے کہ کوئی بھی وائی فائی سے ڈیٹا اکٹھا کرسکتا ہے۔

کیلیفورنیا کی عدالت میں اس مقدمے کے جج کا کہنا ہے کہ اگر وائی فائی نیٹ ورک غیر محفوظ ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کوئی بھی اس سے ڈیٹا اٹھا لے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے کر اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ آیا وہ اپیل کرے یا نہیں۔

گوگل نے اس سے قبل اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ اس نے غلطی سے سٹریٹ ویو سروس کے لیے وائی فائی سے ڈیٹا حاصل کیا تھا۔

اس غلطی کا انکشاف اس وقت ہوا جب 2010 میں جرمنی کے حکام نے گوگل سے پوچھا کہ وہ کون سی معلومات گاڑیوں میں لگے سٹریٹ ویو سروس کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

اس وقت گوگل نے غلطی سے معلومات حاصل کرنے پر معذرت مانگی تھی اور کہا تھا کہ اس ڈیٹا کو ہٹا دیا جائے گا۔

لیکن اس انکشاف کے بعد کئی ممالک نے تحقیقات شروع کردیں اور فرانس سے گوگل پر ایک لاکھ یوروز کا جرمانہ عائد کیا۔