’بیونسے امید سے‘، ٹویٹس کا نیا ریکارڈ

بیونسے نے ایم ٹی وی ایوارڈز میں اپنے حاملہ ہونے کی تصدیق کی تھی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنبیونسے نے ایم ٹی وی ایوارڈز میں اپنے حاملہ ہونے کی تصدیق کی تھی

گلوکارہ بیونسے کے حاملہ ہونے کی خبر سوشل نیٹ ورکنگ کی دنیا میں اتنی تیزی سے پھیلی کہ اس نے ٹوئٹر پر ایک سیکنڈ میں کسی چیز سے متعلق پیغامات بھیجے جانے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

ایم ٹی وی ایوارڈز کے دوران جیسے ہی بیونسے کے خدوخال سے یہ واضح ہوا کہ وہ حاملہ ہیں ٹوئٹر پر ایک سیکنڈ میں اس کے بارے میں آٹھ ہزار آٹھ سو اڑسٹھ پیغامات بھیجے گئے۔

اس سے پہلے یہ ریکارڈ جولائی میں خواتین کے فٹبال ورلڈ کپ میں جاپان کی امریکہ پر فتح کے بعد قائم ہوا تھا اور اس وقت سات ہزار ایک سو چھیانوے پیغامات ایک سیکنڈ میں بھیجے گئے تھے۔

اس فہرست میں تیسرا درجہ بھی ایک فٹبال میچ کا ہی ہے اور یہ میچ کوپا امریکہ کپ میں برازیل اور پیراگوئے کے مابین کھیلا گیا تھا۔ برازیل کی شکست پر ٹوئٹر پر ایک سیکنڈ میں سات ہزار ایک سو چھیاسٹھ پیغامات سامنے آئے تھے۔

رواں برس جون میں ٹوئٹر نے اعلان کیا تھا کہ اس کے صارفین ایک دن میں بیس کروڑ ٹویٹس یا پیغامات بھیجتے ہیں جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد چھ کروڑ پچاس لاکھ تھی۔

.