چین میں آئی فون کی فروخت معطل

،تصویر کا ذریعہXINHUA
ایپل کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے چین میں اپنے سٹورز پر آئی فون کے تمام ماڈلز کی فروخت روک دی ہے کیونکہ وہاں ملازمین اور خریداروں کو ممکنہ سکیورٹی خطرات ہیں۔
ایپل کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ بیجنگ اور شنگھائی میں اپنے تمام سٹورز پر ’فی الحال آئی فون فروخت نہیں کرے گا۔‘
کمپنی کا کہنا ہے کہ بیجنگ کے سنلیوتن علاقے میں واقع ان کا سٹور جمعے کے روز اس لیے نہیں کھولا گیا کیونکہ آئی فون کے نئے ماڈل متعارف کرانے کے موقع پر وہاں سینکڑوں افراد جمع ہوگئے تھے جن میں سے بعض نے لڑائی جھگڑا شروع کردیا۔
کمپنی کا کہنا تھا ’سٹور کے باہر موجود ہجوم مشتعل ہوگیا اور انہوں نے ایک دوسرے پر انڈے پھینکے اور پولیس کے ساتھ جھڑپ کی۔ نیا ماڈل متعارف کرانے کے اس موقع پر کشیدہ ماحول کے باعث ایپل کمپنی نے فیصلہ کیا کہ وہ بیجنگ میں فی الحال آئی فون فروخت نہیں کرے گا۔‘
یاد رہے کہ چینی صارفین انٹرنیٹ کے ذریعے آئی فون خرید سکتے ہیں۔
ایپل کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ چین میں آئی فون فور ایس متعارف کرے گا۔ اسی اعلان کے بعد بڑی تعداد میں صارفین ایپل سٹور کے باہر جاکر کھڑے ہوگئے۔ بھیڑ کو قابو کرنے کے لیے پولیس کو تعینات کیا گیا تھا۔
صارفین کو جب پتہ چلا کہ کمپنی نے سٹور نہ کھولنے کا فیصلہ کیا تھا تو وہ غصہ میں چلانے لگے۔
ایک بیس سالہ لڑکے نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا ’میں کل دوپہر سے یہاں کھڑا ہوا ہوں اور سٹور کھلنے کا انتظار کررہا ہوں۔ اب یہ کہہ رہے ہیں کہ سٹور نہیں کھلے گا۔ یہ صارفین کا دل توڑتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق دس بجے سٹور کے باہر کھڑے لوگ واپس جا چکے تھے۔
واضح رہے کہ پوری دنیا میں چین میں سب سے زیادہ موبائل فون فروخت ہوتے ہیں اور امریکہ کے بعد چین ایپل کمپنی کا دوسرا بڑا منافع بخش ملک ہے۔





















