’افغانستان اور پاکستان، پالیسی الگ نہیں‘

امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک نے کہا ہے کہ امریکہ کی افغانستان اور پاکستان کے بارے میں پالیسی علیحدہ علیحدہ نہیں ہوگی۔
بی بی سی کو ایک انٹرویو میں پاکستان اور افغانستان کے خصوصی ایلچی ہالبروک نے کہا کہ افغانستان کے بارے میں واشنگٹن کی نئی حکمت عملی کا یہ سب سے اہم پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے بارے میں امریکی کی نئی حکمت عملی جلد ہی مکمل کر لی جائے گی۔
ہالبروک نے کہا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں طالبان کی محفوظ پناہ گاہیں افغانستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غفلت کا دور ختم ہو گیا اب زیادہ فوجیں، زیادہ وسائل اور خطے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
امریکہ کے صدر براک اوباما نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ فوجی طاقت ہی صرف افغانستان میں ختم نہیں کر سکتی اور افغانستان سے نکلنے کی حکمت عملی بھی نئی افغان پالیسی کاحصہ ہو گی۔

















