ایران: میزائل کا کامیاب تجربہ

سرجیل دو ٹھوس ایندھن سے چلنے والا میزائل ہے
،تصویر کا کیپشنسرجیل دو ٹھوس ایندھن سے چلنے والا میزائل ہے

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایران نے درمیانے فاصلے پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل سجیل دو کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ سجیل دو میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے اور وہ ٹھیک اپنے نشان پر لگا۔

صدر احمدی نژاد سمنان میں اس جگہ پر خطاب کر رہے تھے جہاں سے دو ہزار کلو میٹر تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کیا گیا۔

امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ یہ درمیانے فاصلے پر مار کرنے والے میزائل کا تجربہ تھا اور یہ کامیاب رہا۔

مبصرین کا خیال ہے کہ ایران کے عرب ہمسائے اور اس کے مغربی مخالف ممالک اس تجربے کو اشتعال انگیزی تصور کر سکتے ہیں۔

محمود احمدی نژاد نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیر دفاع نے اس تجربے سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ یہ دو حصوں پر مشتمل میزائل تھا جو ٹھیک اپنے ہدف پر جا کر لگا۔

انہوں نے کہا کہ میزائل میں ٹھوس ایندھن استعمال کیا گیا تھا اور اس میں زمین سے خلا میں جانے اور واپس اپنے ہدف پر آ کر لگنے کی صلاحیت ہے۔

ٹھوس ایندھن والے میزائل مائع ایندھن والے میزائلوں سے زیادہ اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایران کے زیادہ تر میزائل مائع ایندھن سے چلنے والے ہیں۔

بین الاقومی خبررساں اداروں کے مطابق امریکی حکام کا کہا ہے کہ ابتدائی اشاروں سے لگتا ہے کہ یہ تجربہ کامیاب رہا۔

تہران میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار جون لینی کا کہنا ہے کہ سجیل دو ایران کا طویل فاصلے پر مار کرنے والا میزائل ہے جو اسرائیل اور خلیج میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اس تجربے کا اعلان صدر نے خود کیا جس کا مطلب صاف طور پر ایک سیاسی پیغام دینا ہے۔

اس تجربے کا اعلان کیئے جانے کے بعد اٹلی کے وزیر خارجہ نے تہران کا اپنا دورہ منسوخ کر دیا جس کی وجہ ایران کی طرف سے ان کے دو روزہ دورے کے مقامات میں تبدیلی کرنا تھا۔

وزیر خارجہ فرانکو فرتینی نے صدر احمدی نژاد سے تہران کے بجائے سمنان، میں ملنے سے انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ یہ میزائل سمنان سے ہی چلایا گیا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس کا میزائل پروگرام بالکل دفاعی نوعیت کا ہے جبکہ ناقدین کا خیال ہے کہ یہ میزائل ایک دن جوہری ہتھیاروں سے لیس کر دیئے جائیں گے۔