کابل بم حملہ، تین غیر ملکی فوجی ہلاک

افغان حکام کے مطابق دارالحکومت کابل کے شمال میں ایک گاڑی سے خودکش بم حملے میں تین غیر ملکی فوجی اور تین شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
بم حملہ منگل کی صبح صوبہ کپیسا کے ضلع سیات میں ہوا جہاں دھماکہ خیز مواد سے لدی ایک کار فوجی قافلے سے ٹکرا دی گئی۔ صوبہ کپیسا میں امریکی اور فرانسیسی فوجی تعینات ہیں۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں تین شہری ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق دھماکے کے وقت یہ شہری قریب سے گزر رہے تھے تاہم ان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
افغانستان میں انٹرنیشنل سکیورٹی اسسٹنس فورس یعنی ایساف نے ایک بیان میں کہا ہے مشرقی افغانستان میں منگل کے صبح ہونے والے ایک دھماکے میں عالمی افواج کے تین رکن ہلاک اور ایک زخمی ہو گئے۔
امریکی فوج اور ایساف نے علیحدہ علیحدہ بیان میں کہا ہے کہ بم حملہ امریکی فوج پر ہوا ہے۔ افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے کا ہدف بین الاقوامی افواج کا ایک قافلہ تھا۔
صوبہ کپیسا دفاعی نقطہ نظر سے اس لیے اہم ہے کہ اس کے قریب بگرام ائربیس اور کابل جلال آباد ہائی وے ہے۔
افغان حکام کے مطابق شدت پسند ضلع سیات میں کچھ دیر رکنے کے بعد دارالحکومت کابل پر حملے کرنے کے لیے آتے ہیں۔

















