افغانستان: دو امریکی فوجی ہلاک

امریکی فوجی (فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنپکتیکا میں امریکی فوجی اپنے کیمپ سے گشت پر نکل رہے ہیں

افغانستان کے صوبے پکتیکا میں امریکی اڈے پر طالبان کے حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک جبکہ سات زخمی ہوگئے ہیں۔ نیٹو کے مطابق جوابی کارروائی میں دس طالبان بھی مارے گئے۔

امریکی فوج کے مطابق پاکستان کی سرحد پر واقع صوبہ پکتیکا میں سنیچر کو ہونے والے اس حملے کے دوران ایک دھماکہ ہوا جس میں دو امریکی فوجی مارے ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ دو افغان فوجی بھی زخمی ہوئے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران ایک خودکش حملہ کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ اس کی جوابی کارروائی میں دس شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب صوبہ ہلمند میں امریکی اور برطانوی فوج افغانستان پر دو ہزار ایک میں قبضے کے بعد سب سے بڑی کارروائی میں مصروف ہے۔ افغانستان میں اگست میں صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں۔

ہلمند میں برطانوی فوج کا کہنا ہے کہ اب تک انہیں طالبان کی طرف سے کسی قابل ذکر مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔ اس صوبے کے بڑے حصے پر طالبان کا کنٹرول رہا ہے مگر اب وہاں غیر ملکی فوج بڑی تعداد میں حرکت کر رہی ہے۔

پکتیکا میں ہونے والے حملے کو امریکی فوجی حکام نے پچیدہ قرار دیا ہے۔ نیٹو حکام کے مطابق طالبان نے کئی راکٹ اور مارٹر گولے داغے، چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور ایک گاڑی کے ذریعے دھماکہ بھی کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نیٹو نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دس طالبان کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا ہے۔

دوسری جانب قندھار کے صوبے میں حکام کے مطابق سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں سات پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ جبکہ صوبہ ہلمند کے ضلع موسٰی قلعہ میں بھی دو افغان فوجی مارے گئے ہیں۔

نیٹو کے مطابق اس کا ایک فوجی جمعہ کے روز سڑک کے کنارے نصب بم کے ایک دھماکے میں مارا گیا تھا۔