بگرام بیس پر حملہ ، دو امریکی فوج ہلاک

امریکی فوجی
،تصویر کا کیپشنرواں سال افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد کم از کم اسی ہو گئی ہے

حکام کے مطابق افغانستان میں امریکہ کے مرکزی فوجی اڈے پر ہونے والے ایک راکٹ حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

نامہ نگاروں کے مطابق اتوار کے روز ہونے والا یہ راکٹ حملہ افغانستان کے دارالحکومت کابل سے ساٹھ کلومیٹر دور شمال مشرق میں واقع امریکی فوجی اڈے بگرام پر ہوا۔

امریکی فوج کے ترجمان نے بگرام کے فوجی اڈے پر راکٹ حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں دو شہریوں سمیت چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد افغانستان میں رواں سال ہلاک ہونے والے امریکی فوج کے اہلکاروں کی تعداد کم از کم اسی ہو گئی ہے۔

افعانستان میں تعینات نیٹو افواج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق افغانستان میں انٹرنیشنل سکیورٹی اسسٹنس فورس یعنی ایساف سے ہے۔

واضح رہے کہ دو ہزار سات میں امریکہ کے نائب صدر ڈک چینی کے بگرام بیس کے دورے کے دوران اڈے کے باہر ہوئے خودکش حملے میں بیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

امریکہ نے رواں سال افغانستان میں مزید اکیس ہزار فوجیوں کوتعینات کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد اڑسٹھ ہزار اور نیٹو کی افواج کی تعداد تینتیس ہزار ہو جائے گئی۔