افغانستان: دھماکے میں پچیس افراد ہلاک

پولیس
،تصویر کا کیپشنپولیس کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کی صحیح تعداد معلوم نہیں

افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ وسطی افغانستان میں ایک دھماکے میں کم از کم پچیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

یہ دھماکہ افغانستان کے صوبے لوگر میں اس وقت ہوا جب تعمیراتی لکڑی سے بھرا ایک ٹرک سڑک پر الٹ گیا۔ مقامی پولیس نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرک ایک دھماکے سے اس وقت اڑ گیا جب حکام راستہ کھولنے کے لیے اسے سڑک سے ہٹا رہے تھے۔

لوگر کابل کے جنوب میں واقع ہے اور یہاں طالبان کی کارروائیاں عروج پر ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق یہ بات اب تک واضح نہیں کہ آیا یہ ایک حادثاتی واقعہ ہے یا تخریبی کارروائی۔ تاہم اس علاقے کےگورنر عبدالحمید حمید نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’بارہ لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے جن میں سے اکثریت سکول جانے والے طالب علموں کی ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہم تباہ شدہ دکانوں کے ملبے سے مزید لاشیں نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔‘

اطلاعات کے مطابق کچھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں زخمی افراد کی صحیح تعداد معلوم نہیں۔