افغانستان: تین برطانوی فوجی ہلاک

جنوبی افغانستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین برطانوی فوجی طالبان حملوں میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس طرح پانچ روز میں پانچ برطانوی فوجی مارے گئے ہیں۔
ہلاکت کا تازہ واقعہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب فرسٹ بٹالین ویلش گارڈز کا ایک سپاہی صوبہ ہلمند کے علاقے گیریشک میں پیدل گشت کے دوران ایک دھماکے کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔
برطانوی وزارت دفاع کے مطابق سنیچر کو رات دیر گئے دو مختلف واقعات میں بھی دو برطانوی فوجی مارے گئے تھے۔ ان میں سے ایک کا تعلق سیکنڈ بٹالین دی مرسین ریجمنٹ سے تھا اور وہ راکٹ سے چلائے جانے والے گرینڈ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا تھا۔
جبکہ دوسرا فوجی دا لائٹ ڈریگون سے تعلق رکھتا تھا اور ایک دھماکے میں ہلاک ہوا۔
اس سے قبل بدھ کے روز بھی دو برطانوی فوجی مارے گئے تھے جن میں سے ایک لیفٹنٹ کرنل تھا جو اب تک ہونے والی برطانوی ہلاکتوں میں سے سینئر عہدہ ہے۔
اس طرح گزشتہ پانچ روز میں مجموعی طور پر پانچ برطانوی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
برطانوی وزارت دفاع کے مطابق سنہ دو ہزار ایک کے بعد سے اب تک افغانستان میں مارے جانے والے برطانوی فوجیوں کی تعداد ایک سو چوہتر تک جا پہنچی ہے۔
امریکی اور برطانوی فوجی اس وقت صوبہ ہلمند میں طالبان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی میں مصروف ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائک مُلن کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائی کا مقصد طالبان کو پیچھے دھکیل کر علاقے کو اپنے کنٹرول میں لینا ہے تاکہ افغان حکومت کی عملداری قائم کی جا سکے۔





















