افغانستان: مزید دو برطانوی فوجی ہلاک

برطانوی فوجی طالبان کے خلاف آپریشن میں مصروف
،تصویر کا کیپشننو روز میں نو برطانوی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں

افغانستان کے صوبے ہلمند میں دو الگ الگ واقعات میں دو مزید برطانوی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ نو روز کے دوران ہلاک ہونے والے برطانوی فوجیوں کی تعداد نو ہوگئی ہے۔

تازہ ہلاکتوں میں ایک فوجی ایک دھماکے سے ہلاک ہوا جبکہ دوسرے فوجی کی ہلاکت گولی لگنے سے ہوئی۔

دو ہزار ایک میں افغانستان پر قبضے کے بعد ہلاک ہونے والے برطانوی فوجیوں کی تعداد اب ایک سو اٹھہتر ہوگئی ہے۔

دا رائلفرز کی فورتھ بٹالین سے تعلق رکھنے والا ایک فوجی ناد علی کے نواح میں جمعرات کے روز پیدل گشت کے دوران ہلاک ہوا۔

جبکہ ویلز رائل ریجمنٹ کی فرسٹ بٹالین ویلش گارڈز کا ایک فوجی جمعرات ہی کے روز لشکر گاہ میں مزاحمتکاروں کے ساتھ ایک جھڑپ میں ہلاک ہوا۔

برطانوی فوجی افغانستان کے جنوب میں طالبان کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں مصروف ہے۔ اس کارروائی میں چار ہزار امریکی اور چھ سو پچاس افغان فوجی بھی حصہ لے رہے ہیں۔

اس مہم کا مقصد طالبان کو علاقے سے نکال کر اگلے ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔