ہیلی کاپٹر حادثہ، تین فوجی ہلاک

افغانستان کے جنوب میں امریکی فوجی ایک بڑی کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنافغانستان کے جنوب میں امریکی فوجی ایک بڑی کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں

برطانیہ میں وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایک برطانوی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔ برطانوی فوجی کے ساتھ کینیڈا کے دو فوجی بھی مارے گئے۔ ہیلی کاپٹر کا حادثہ زابل کے صوبے میں پیش آیا۔

اس سے پہلے امریکی فوج نے بتایا تھا کہ افغانستان میں مزاحتمی سرگرمیوں کے نتیجے میں پیر کے روز دو علیحدہ علیحدہ واقعات میں اس کے چھ فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

نیٹو کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر ’دشمن کی فائرنگ‘ کے نتیجے میں نہیں گرا۔

فوجی حکام کے مطابق چار امریکی فوجی ملک کےشمال میں کندوز کے شہر میں ہلاک ہوئے جبکہ دو فوجی ملک کے جنوب میں مارے گئے۔ کندوز میں یہ فوجی اس وقت ہلاک ہوئے جب ان کی گاڑی سڑک کے کنارے نصب ایک بم سے ٹکرا گئی۔ حکام نے مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق اس دھماکے میں دو شہری بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔

افغانستان کے مشرق میں بھی نیٹو کا ایک فوجی مارا گیا۔

اس کے علاوہ قندھار میں نیٹو کے اڈے کے قریب ایک خودکش حملے میں کم سے کم دو افراد ہلاک ہوئے۔

ادھر کینیڈین فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ زخمی ہونے والا اس کا ایک سپاہی بھی جانبر نہ ہوسکا اور پیر کے روز دم توڑ گیا۔

نیٹو افواج کو حالیہ دنوں میں شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

گزشتہ ہفتے پانچ برطانوی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ سنیچر کے روز دو امریکی فوجی مار گئے تھے۔

طالبان کی جانب سے حالیہ حملے ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب امریکی اور برطانوی فوجی صوبہ ہلمند میں ایک بڑی کارروائی میں مصروف ہیں۔