ایران اور شمالی کوریا کو امریکی دھمکی

 ہم چاہتے ہیں کہ شمالی کوریا ایسے اقدامات کرے جن سے پھر انحراف نہ کیا جائے اور جن کی تصدیق کی جا سکے: ہیلری کلنٹن
،تصویر کا کیپشن ہم چاہتے ہیں کہ شمالی کوریا ایسے اقدامات کرے جن سے پھر انحراف نہ کیا جائے اور جن کی تصدیق کی جا سکے: ہیلری کلنٹن

امریکی سیکریٹری خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ اگر ایران اور شمالی کوریا نے اپنے اپنے جوہری پروگرام کو ترک نہیں کیا تو انہیں کڑے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

تھائی لینڈ میں ایک علاقائی اجلاس کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ایران نے جوہری ہتھیار بناتا ہے تو امریکہ خلیج میں اپنے اتحادیوں کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کےلیے تیار ہوگا۔

ہیلری کلنٹن نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا کو مذاکرات سے قبل اپنے اپنے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا ہوگا۔

پیانگ یانگ کی طرف سے اپنے جوہری پروگرام کو بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کے باعث اس مسئلے پر شمالی اور جنوبی کوریا، چین، جاپان، روس اور امریکہ سمیت چھ ملکی مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔

بات چیت کے بعد ایک پریس کانفرنس میں امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ’ہم نے شمالی کوریا پر واضح کر دیا ہے کہ اگر وہ جوہری پروگرام ختم کرتا ہے اور اسے دوبارہ شروع نہ کرنے پر اتفاق کرتا ہے تو امریکہ اور ہمارے پارٹنر شمالی کوریا کے ساتھ نہ صرف تعلقات بحال کر لیں گے بلکہ اسے مواقع اور مراعات کا ایک پیکج بھی پیش کیا جائے گا۔‘

انہوں نے کہا ’ہم ایسے مذاکرات نہیں چاہتے جن سے شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار ختم ہونے کے مقصد کی طرف بڑھنےمیں رکاوٹ پیدا ہوا۔ لہذا ہم چاہتے ہیں کہ شمالی کوریا ایسے اقدامات کرے جن سے انحراف نہ کیا جائے اور جن کی تصدیق ہو سکے۔‘

ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اگر تہران جوہری پروگرام پر کاربند رہتا ہے تو خطے میں اسلحے کی دوڑ شروع ہونے کے امکانات ہیں۔’ہو سکتا ہے کہ جوہری ہتھیار بنا کر ایران زیادہ محفوظ ہونے کی بجائے کم محفوظ ہو جائے۔‘