کویت: آتشزدگی میں 41 افراد ہلاک

کویت آتشزدگی
،تصویر کا کیپشنجس خیمے میں آگ لگی وہاں خواتین اور بچے موجود تھے

کویت شہر میں ایک شادی کی تقریب کے دوران آتشزدگی کے نتیجے میں 41 افراد ہلاک اور تقریباً 60 زخمی ہوگئے ہیں۔ شادی کی یہ تقریب اتوار کی شام منعقد کی گئی تھی۔

کویت کی وزارت داخلہ کے مطابق کویت شہر کے مغرب میں الجاہرا کے علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران ایک ٹینٹ نے آگ پکڑلی۔ اس تقریب میں مردوں اور عورتوں کے بیٹھنے کا علیحدہ انتظام تھا۔ جس خیمے میں آگ لگی وہاں خواتین اور بچے موجود تھے۔

کویت کی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان ہلاک شدگان کی تعداد 36 بتارہے ہیں جبکہ ملک کے فائر جنرل ڈائریکٹر کے مطابق اب تک 41 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔

زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ کئی افراد آگ لگنے کے بعد ہونے والی بھگدڑ کے باعث زخمی ہوئے۔

ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

آتشزدگی کے فوراً بعد ایمبولینسیں طلب کرلی گئیں اور زخمیوں کو بڑی تعداد میں ایمبولینسوں کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔ آگ بجھانے والے عملے کی چار گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوسکیں۔

ایک حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ جاء وقوعہ سے زخمیوں کو نکالنا انتہائی مشکل ثابت ہوا کیونکہ وہاں پر ان کے رشتہ داروں کی بڑی تعداد موجود تھی جو لوگوں کی خیریت جاننے کے لیے بے تاب تھے۔

کویت میں شادیوں کی تقریبات میں مردوں اور عورتوں کے بیٹھنے کے الگ انتظام کی روایت ہے۔