کیلیفورنیا میں شدید آتشزدگی

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہزاروں لوگ نقلِ مکانی کر رہے ہیں اور ریاست کے گورنر نے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔
آگ ریاست کے شہر سانتا باربرا نامی ساحلی شہر کے قریبی جنگل میں لگی ہے اور اس کی وجہ شدید درجۂ حرارت اور آندھی بتائی جاتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آندھی کی رفتار میں مزید اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں آگ کے پھیلاؤ کی رفتار میں مزید اضافہ ہو گا۔
اب تک پانچ سو ایکڑ علاقہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آگ کی لپیٹ میں آ چکا ہے اور گورنر آرنلڈ شوازنیگر نے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔
تیرہ ہزار افراد کو ممکنہ متاثرہ مقامات سے نقلِ مکانی کے لیے کہا گیا ہے۔ آگ بجھانے کی کوشش میں آگ بجھانے والے عملے کے کم از کم تین ارکان کو ہسپتال لایا گیا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران شہر کا ایک بڑا حصہ آگ کی لپیٹ میں بتایا جاتا ہے۔ مختلف ٹیلی ویژن سٹیشنوں نے آگ کی جو تصاویر دکھائی ہیں ان میں آگ کی بڑی لپٹیں بڑے پہاڑی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لیتی دکھائی دیتی ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ کم از کم بیس عمارتیں تباہ ہوئی ہیں اور دو ہزار گھروں کو خطرہ ہے۔
آگ بجھانے والے محکمے کا کہنا ہے کہ اس کے ایک ہزار ارکان آگ بجھانے میں حصہ لے رہے ہیں اور شمال سے جنوب کی طرف بڑھتی ہوئی آگ ہمسایہ علاقوں کی سمت بڑھ رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







