یروشلم میں 3،700 سال پرانی دیوار

دیوار
،تصویر کا کیپشنیہ دیوار کانسی کے زمانے کی ہے

اسرائیلی ماہرینِ آثارِقدیمہ کا کہنا ہے کہ مشرقیِ یروشلم میں تین ہزار سات سو سال پرانی ایک دیوار سامنے آئی ہے۔

حائفہ یونیورسٹی میں آثارقدیمہ کے پروفیسر رانی ریچ کا کہنا ہے کہ خطے کی اس قدیم ترین دیوار کی تعمیر شہر کے پانی کی سپلائی کو محفوظ کرنے کے مقصد سے کی گئی تھی۔

26 فٹ اونچی اس دیوار سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس وقت کی تہذیب کتنی عمدہ تھی۔

جس مقام پر یہ کھدائی ہو رہی ہے وہ یروشلم کے پرانے شہر کی دیوار کے بالکل باہر فلسطین کے پڑوس میں ہے جس کی فنڈنگ جزوی طور پر یہودی آبادکاروں کی ایک تنظیم کر رہی ہے۔ یہی تنظیم علاقے میں یہودیوں کی آبادکاری کا کام بھی کرتی ہے۔

یہ دیوار کانسی کے زمانے کی ہے جب یروشلم چھوٹا سا ہوا کرتا تھا اور یہ اسرائیلیوں کے قبضے سے پہلے اس محفوظ علاقے پر کنعان آبادی کا کنٹرول تھا۔

پروفیسر رانی کا کہنا ہے کہ اس دیوار کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اس دور کے لوگ کافی ترقی یافتہ تھے اور ایسے بڑے منصوبے بنانے کے اہل تھے۔