ایرانی تجاویز قبول نہیں: امریکہ

امریکہ نے کہا ہے کہ ایران نے جوہری پروگرام کے تنازعے کو حل کرنے کے لیے جو تجاویز پیش کی ہیں وہ اطمینان بخش نہیں ہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کے فلپ کراولی نے بی بی سی کو بتایا کہ ایران کی طرف سے پیش کردہ تجاویز اس کے جوہری پروگرام کے مسئلہ کو حل نہیں کرتیں۔
امریکہ چاہتا ہے کہ ایران یورینیم کی افزوگی بند کر دے جو اس کے بقول ایران جوہری ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کرے گا جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
فلپ کراولی نے بی بی سی کے ورلڈ ٹوڈے پروگرام میں کہا کہ ’ہمیں اس بات پر تشویش ہے کہ ایران کے جواب سے جو اصل مسئلہ ہے وہ حل نہیں ہوتا جس پر بین الاقوامی برداری کو بھی تشویش ہے اور وہ ہے ایران کا جوہری پروگرام‘۔ فلپ کراولی نے کہا کہ ایران کو اپنے وعدے پورے کرنا ہوں گے۔
اس سے قبل ایرانی صدر کے ایک مشیر مجتبیٰ سمارہ نے واشنگٹن پوسٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اپنا جوہری پروگرام ترک نہیں کرے گا تاہم وہ بین الااقوامی برادری کے ساتھ ملکر عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

ادھر روس نے ایران کی طرف سے پیش کردہ تازہ تجاویز پر مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ روس کے وزیرخارجہ سرگی لاوروف نے کہا کہ ’ان میں کچھ تجاویز ایسی ہیں جن پر کام ہو سکتا ہے‘۔ لاوروف نے کہا کہ ایران کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کے ایک سرسری جائزے کی بنیاد پر وہ کہہ سکتے ہیں کہ ان میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جن پر کام ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان میں ایک اہم چیز یہ ہے کہ ایران ایک جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے کہ وہ افغانستان اور عراق میں کیسے مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ایران کے تیل کی درآمدات پر کوئی پابندی لگانے کی حمایت کرے گی۔
ماسکو میں بی بی سی کے نمائندے بریجٹ کینڈل کا کہنا ہے کہ روسی وزیر خارجہ کہ بیان سے ظاہر ہو گیا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں مغربی ممالک اور روس کے خیالات مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پر کوئی مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا مشکل ثابت ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صدر اوباما نے اس سال کے شروع میں ایران کو خبردار کیا تھا کہ وہ امریکہ کی طرف سے دوستانہ پیش رفت کا مثبت جواب چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ بدصورت دیگر امریکہ ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں لگانے کے لیےزور ڈالے گا۔





















