ایران بامقصد مذاکرات کےلیے تیار

ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران عالمی چیلنجز پر بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ ’بامقصد اور منصفانہ‘ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے اہم موصوعات پر امریکی صدر براک اوباما کے ساتھ پبلک مباحثے کی بھی تجویز دی۔ایرانی صدر کا یہ بیان اقوامِ متحدہ کے جوہری ادارے کے نمائندوں کی میٹنگ سے پہلے آیا ہے جو ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام سے نمٹے گی۔
ایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے جبکہ ناقدین کا الزام ہے کہ ایران ہتھیاروں کے حصول کے لیے یہ پروگرام چلا رہا ہے۔احمدی نژاد نے پرامن جوہری پروگرام کے اپنی حکومت کے موقف کا اعادہ کیا۔
اقوامِ متحدہ کے جوہری ادارے کے نمائندوں کی میٹنگ ویانا میں اس ماہ شروع ہوگی۔اجلاس میں مغربی خفیہ رپورٹوں میں لگائے گئے ان الزامات پر بحث ہوگی کہ حال ہی میں ایران نے جوہری بم بنانے کا خفیہ طور پر مطالعہ کیا ہے ۔ایران کا کہنا ہے یہ خبریں جھوٹی ہیں۔
جوہری ادارے نے اپنی تازہ رپورٹ میں ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ ان شک وشبہات کو مسترد کرنے کے بجائے انہیں دور کرنے کی کوشش کرے۔

















