شمالی کوریا مذاکرات کے لیے تیار

شمالی کوریا نے اس کے سال کے شروع میں ان مذاکرات سے علیحدگی اختیار کر لی تھی
،تصویر کا کیپشنشمالی کوریا نے اس کے سال کے شروع میں ان مذاکرات سے علیحدگی اختیار کر لی تھی

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں چھ ملکی بین الاقوامی مذاکرات میں شامل ہونے کو تیار ہے۔

شمالی کوریا کے صدر کم جانگ ال نے یہ اعلان چین کے وزیر اعظم وین جیاؤ باؤ کے شمالی کوریا کے دورے کے دوران کیا ہے۔

پیانگ یانگ میں جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ چھ ملکی مذاکرات میں اس کی شمولیت کا دارومدآر اس کے امریکہ کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات پر ہے۔

امریکہ نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہے۔

امریکی وزارتِ خارجہ سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ امریکہ کا مقصد پیانگ یانگ کو جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے پر تیار کرنا ہے۔

ترجمان نے کہا یہ امریکہ کا بنیادی مقصد ہے اور کثیر الملکی مذاکرات اس کے حصول کا بہتریں ذریعہ۔

شمال کوریا نے اس سال کے شروع میں چین کی میزبانی میں ہونے والے ان مذاکرات سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

جنوبی کوریا میں ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا یانگ بیانگ میں قائم اپنے جوہری کمپلکس کو بحال کرنے کے آخری مراحل میں ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ’ہمیں ایسے اشارے موصول ہوئے ہیں کہ شمالی کوریا اس جوہری کمپلیکس کی بحالی کا کام آخری مراحل میں ہے۔‘