انتخابی شکایات کمیشن:افغان رکن مستعفی

مولوی مصطفی برکزئی
،تصویر کا کیپشنمولوی مصطفی برکزئی نے ایک اخباری کانفرنس میں ’غیر ملکیوں کی مداخلت‘ پر تنقید کی

افغانستان کے صدارتی انتخابات میں دھاندلیوں کی تفتیش کرنے والے کمیشن کے ایک افغان رکن نے کمیشن سے استعفی دے دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ کمیشن پر غیر ملکیون کا غلبہ ہے۔

مولوی مصطفی برکزئی اس کمیشن میں شامل دو افغانوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے انتخابی شکایات کمیشن کے تین غیر ملکی ارکان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کے اور دیگر افغان ارکان کے خیالات کو نظر انداز کر رہے ہیں ۔انہون نے کہا کہ ’یہ افغانستان کے عوام کے لیے مفید نہیں ہے۔ یہ مدد نہیں ہے ۔ یہ افغانستان کے عوام کی تقدیر میں مداخلت ہے۔‘

کمیشن کے تین غیر ملکی ارکان میں سے ایک کا تعلق امریکہ سے، دوسرے کا کینیڈا سے اور تیسرے کا نیدرلینڈ سے ہے۔

اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ کمیشن نے مسٹر برکزئی کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کمیشن کے ایک اہم رکن تھے۔

کمیشن کے فیصلے کا اعلان اس ہفتے ہونا تھا۔