ہلمند:پانچ برطانوی فوجی ہلاک

برطانوی فوجی(فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنافغانستان میں برطانوی اور نیٹو افواج کے پاس وقت کم ہے: برطانوی جنرل

برطانوی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ افغانستان کے صوبے ہلمند میں ایک افغان پولیس اہلکار کی فائرنگ سے پانچ برطانوی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

وزارت دفاع نے کہا کہ ہلاک ہونے والے تین فوجیوں کا تعلق گرینیڈیرز گارڈز سے اور دو کا رائل ملٹری پولیس سے تھا۔ افغانستان میں سن دو ہزار کے بعد سے ایک واقعہ میں اتنے برطانوی فوجی پہلی بار ہلاک ہوئے ہیں۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ فوجی منگل کی شام کو ضلع نادِ علی میں ایک چیک پوائنٹ پر افغان پولیس اہلکار کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ فوجیوں کے لواحقین کو ان کی ہلاکت کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔

ٹاسک فورس ہلمند کے ترجمان ڈیوڈ ویکفیلڈ نے ایک بیان میں کہا کہ پانچوں برطانوی فوجی فرائض کی ادائیگی کے دوران ہلاک ہوئے، ’انہیں کبھی نہیں بھلایا جائے گا‘۔

کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار این پانیل کے مطابق خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور گلبدین نامی ایک پولیس افسر تھا جو فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ ان کے اپنے کمانڈر سے اختلافات تھے لیکن قبائلی ذرائع ان کا طالبان سے تعلق بتاتے ہیں۔

ٹاسک فورس کے ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے فوجی دو ہفتے سے نیشنل پولیس کی عمارت میں قیام پذیر تھے اور کام کر رہے تھے، جہاں کئی افغان پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔