دبئی: بینکوں کی مالی مدد کا اعلان

 دبئی کی معیشت دو ہزار آٹھ کے آخر میں بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
،تصویر کا کیپشن دبئی کی معیشت دو ہزار آٹھ کے آخر میں بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

متحدہ عرب امارت کے مرکزی بینک نے اعلان کیا ہے کہ وہ مالی مشکلات کا شکار بینکوں کی مالی مدد کرے گا۔

یو اے ای مرکزی بینک کی طرف سے بینکوں کی مدد کا اعلان حکومتی تحویل میں چلنے والے انویسٹمنٹ ادارے دبئی ورلڈ کی طرف سے قرضوں کی ادائیگی میں چھ ماہ کی مہلت طلب کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔ دبئی ورلڈ کے بیان کے بعد پوری دنیا کی بڑی بڑی حصص مارکیٹیں گرگئیں تھیں۔

یو اے ای کے مرکزی بینک کےمطابق دبئی میں کام کرنے والے مقامی اور غیر ملکی بینکوں کو مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔

مرکزی بینک کی طرف سے مالی سہولت کے مکمل منصوبے کا اعلان پیر کو بازار حصص کھلنے سے پہلے کیا جائے گا۔

دریں اثناء ابو ظہبی نے کہا ہے کہ وہ مشکلات کا شکار بینکوں کی مالی مدد کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کرے گا۔ ابوظہبی حکومت نے کہا ہے کہ دبئی کی مدد کرنے کا فیصلہ متعلقہ ادارے کی حالت کو دیکھ کر کرے گی۔

دبئی ورلڈ نامی کمپنی پر کل 59 بلین ڈالر کا قرض ہے۔ اب یہ کمپنی قرض دینے والوں سے کہہ رہی ہے کہ اسے آئندہ ادائیگی کے لیے اگلے برس مئی تک کا وقت دیا جائے۔

گزشتہ چھ برس سے زبردست ترقی کرنے والی دبئی کی معیشت دو ہزار آٹھ کے آخر میں بری طرح متاثر ہوئی۔ اسی کے سبب دبئی ميں پراپرٹی کی قیمتوں ميں زبردست گراوٹ درج کی گئی تھی۔