تعلیمی ویزوں پر عارضی بندش

ہیتھرو ایئر پورٹ
،تصویر کا کیپشناس بندش پر آئندہ ماہ نظر ثانی کی جائےگی

برطانوی حکومت نے بھارت کے شمالی حصوں، بنگلہ دیش اور نیپال سے تعلیمی ویزوں کی درخواستیں وصول کرنا عارضی طور پر بند کر دی ہیں۔

برطانوی حکام کے مطابق یہ فیصلہ ان خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے کہیں ویز کے حصول کے اس طریقہ کار سے غلط طور پر فائدہ نہ اٹھایا جا رہا ہو۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین مہینوں میں صرف بھارت کے شمالی حصوں سے تیرہ ہزار درخواستیں وصول ہوئی ہیں جو کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران وصول ہونے والی درخواستوں سے سات گنا زیادہ ہیں۔

نئی دہلی میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ بھارت میں بہت سے ایجنٹس تعلیمی ویزے حاصل کرکے لوگوں کو برطانیہ منتقل کرتےہیں۔

اس عارضی بندش پر فروری میں نظر ثانی کیے جانے کا امکان ہے۔