گوگل کو چین سے لائنس کی امید

گوگل سرچ انجن فائل فوٹو

انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے سربراہ ایرک شمٹ کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اُن کی کمپنی چین سے نیا لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ایرک شمٹ نے سن ویلی میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’ہم امید کرتے ہیں کہ چین کی حکومت گوگل کے لائسنس کی تجدید کر دے گی۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ چین میں گوگل کے مذید کام کرنے کا انحصار حکومت کی صوابدید پر ہے۔

واضح رہے کہ چین کی حکومت اور انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کی انتظامیہ کے درمیان سینسر شپ اور دیگر ویب سائٹس پر پابندیوں کے حوالے سے گوگل کو کئی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

اس سے پہلے چین میں یہ افواہ گردش کر رہی تھی کہ گوگل کی جانب سے چینی صارفین کو ہانگ کانگ کی سائٹ پر لے جائے جانے کے بعد چین گوگل کے لائسنس کو منسوخ کر دے گا۔

گزشتہ ماہ گوگل انتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ گوگل چینی صارفین کو ہانگ کانگ کی سائٹ پر لے جانے کے بجائے انہیں ایک عبوری صفحے یعنی ’لینڈنگ پیج‘ پر لے جائے گا جہاں سے ان کے پاس ہانگ کانگ کی سائٹ پر جانے کا اختیار ہوگا لیکن اس کے لیے انہیں خود اس پیج پر کہیں بھی کلک کرنا ہوگا۔