کابل:خودکش حملے میں تین افراد ہلاک

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنسنیچر کو افغانستان میں تشدد کے مختلف واقعات میں چار برطانوی فوجی ہلاک ہو گئے تھے

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں حکام کے مطابق ایک خودکش حملے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

افغان وزارتِ داخلہ کے مطابق خودکش حملہ آور ایک سائیکل پر سوار تھا۔ حملے میں ہلاک ہونے والوں کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ خودکش حملہ آور کا ہدف سکیورٹی فورسز کا ایک قافلہ تھا۔

ایجنسی کے مطابق دھماکے میں چار شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔

کابل میں منگل کو افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرس کا انعقاد ہو رہا ہے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کانفرس میں اقوام متحدہ اور نٹیو کے سربراہان کے علاوہ امریکی سیکریٹری خارجہ ہیلری کلنٹن بھی شرکت کریں گی۔

دریں اثنا سنیچر کو برطانوی حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران افغانستان میں تعینات برطانوی فوج کے مزید چار اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

ان ہلاکتوں کے بعد کے بعد سنہ دو ہزار ایک سے اب تک ہلاک ہونے والے برطانوی فوجیوں کی تعداد تین سو بیس ہوگئی ہے۔

چار میں سے دو فوجی افغانستان کے جنوبی ضلع، نہرِ سراج میں ہلاک ہوئے جبکہ ایک فوجی ضلع سنگین میں پیدل گشت کے دوران مارا گیا۔

افغانستان میں ضلع سنگین، بین الاقوامی فوج کے لیے انتہائی خطرناک علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق، ایک اور فوجی، گشت کے دوران ایک حادثے میں ہلاک ہوا۔