دو امریکی فوجی لاپتہ، انعام کا اعلان

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنجمعہ کو پانچ امریکی فوج بھی طالبان کے ساتھ جھڑپوں کے مختلف واقعات میں ہلاک ہوگئے تھے

افغانستان میں اتحادی فوجوں نے دو امریکی فوجیوں کی تلاش شروع کر دی ہے جن کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ ان کو طالبان نے پکڑ لیا ہے۔

امریکی فوج نے ان دو فوجیوں کے بارے میں اطلاع دینے پر بیس ہزار ڈالر کے انعام کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ دونوں فوجی کابل میں فوجی اڈے سے نکلے تھے اور آخری بار مشرقی صوبے لوگر میں دیکھے گئے تھے۔

ایک افغان اہلکار نے بتایا ہے کہ جمعہ کو ایک جھڑپ کے بعد طالبان نے دونوں امریکی فوجیوں کو پکڑ لیا تھا۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ ان دونوں فوجیوں کی گاڑی مل گئی ہے۔

کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ان دو فوجیوں کی تلاش کے لیے اتحادی فوج ہیلی کاپٹرز اور بری فوج کا استعمال کر رہی ہے۔

نیٹو اس بات کی بھی وضاحت سے قاصر ہے کہ یہ دونوں فوجی اڈہ چھوڑ کر کیوں باہر گئے۔

صوبہ لوگر کے گورنر کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ دونوں امریکی فوجی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے فوجی بیس سے باہر چلے گئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بیس طالبان کے ایک مضبوط گڑھ میں واقع ہے۔

ترجمان کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے بعد دونوں فوجیوں کو پکڑا گیا۔

نیٹو نے کے زیرقیادت بین الاقوامی فوج نے بھی دو امریکیوں کے پکڑے جانے کی تصدیق کی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ ایساف کے ترجمان کے مطابق لاپتہ ہونے والے دو فوجی امریکی تھی۔

نیٹو کے مطابق دونوں فوجی جمعہ کو کابل میں اپنی بیس سے باہر گئے اور اس وقت سے لاپتہ ہیں۔ نیٹو کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں دونوں فوجیوں کی شہریت کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقامی ریڈیو چینلز سے پیغامات نشر کیے جا رہے ہیں کہ امریکی فوجیوں کی اطلاع دینے والوں کو انعام دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ جمعہ روز پانچ امریکی فوج بھی طالبان کے ساتھ جھڑپوں کے مختلف واقعات میں ہلاک ہوگئے تھے۔