تربیت دینے والے دوامریکی ہلاک

افغانستان حکام نے بتایا ہے کہ ایک زیر تربیت افغان فوجی نے ہتھیار استعمال کرنے کی مشق کے دوران تربیت دینے والے امریکہ کے دو سول تربیت کاروں کو ہلاک کردیا۔
حکومت کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ منگل کو ایک فوجی اڈے پر تربیت کاروں سے ایک زبانی تکرار کے بعد پیش آیا۔
حکومت کے مطابق جوابی فائرنگ میں حملہ آور اور ایک فوجی ہلاک ہو گیا۔
افغانستان کی وزراتِ دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی تربیت کاروں پر فائرنگ کرنے والا فوجی گروپ لیڈر تھا اور اسے دوسرے فوجیوں کو تربیت دینے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
یہ فوجی اڈہ ملک کے شمال میں مزار شریف کے قریب ہے۔
اس واقعے چند روز قبل ایک افغان فوجی نے تین برطانوی فوجیوں کو دانستہ طور پرگولی مار کر ہلاک کر دیا ہے اور بعد میں فرا ر ہو کر طالبان سے جاملا تھا۔
افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے افغان فوجی کے ہاتھوں تین فوجیوں کی ہلاکت پر برطانوی حکومت سے دلی معذرت کی تھی۔
بی بی سی کے نامہ نگاروں کے مطابق ایسے واقعات سے اس تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے کہ آيا افغان خود اپنی سکیورٹی کے اہل ہیں یا نہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















