’قذافی کا اقتدار میں رہنا ضروری ہے‘

،تصویر کا ذریعہAP
لیبیا کی حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق ان کا ملک کسی بھی سیاسی تبدیلی کے لیے تیار ہے تاہم اس کے لیے معمر قذافی کا اقتدار میں رہنا ضروری ہے۔
ترجمان نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ قذافی لیبیا کے اتحاد کی علامت ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی فوج عام شہریوں کو نہیں بلکہ مسلح باغیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
طرابلس میں موجود لیبیا کی حکومت کے ترجمان موسیٰ ابراھیم نے بتایا کے معمر قذافی لیبیا کے اتحاد کی علامت ہیں۔
دریں اثناء معمر قذافی کے بیٹے نے بی بی کو بتایا کہ وہ اور ان کے والد معمر قذافی یہ سمجھتے ہیں کہ لیبیا کے سابق وزیرِخارجہ موسیٰ کوسا جو گزشتہ ہفتے لیبیا سے فرار ہو کر برطانیہ پہنچے ہیں نے اُن کے ساتھ دھوکا نہیں کیا ہے۔
سیف الاسلام نے بی بی سی ورلڈ افئیر کے ایڈیٹر جان سمسن کو بتایا کہ موسیٰ کوسا علاج کی غرض سے برطانیہ آئے ہیں کیونکہ وہ بوڑھے اور بیمار ہیں اور انھیں علاج کی ضرورت ہے۔
سیف الاسلام کے مطابق موسیٰ کوسا کو علاج کی غرض سے لیبیا چھوڑنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے اس بات کی تردید کہ موسیٰ کوسا کو لاکر بی کیس کی تفصیلات کے بارے میں معلومات حاصل ہیں۔
ان کے مطابق برطانوی اور امریکی حکام کو اس کیس کے بارے میں تمام تفصیلات کا علم ہے اور اب یہ راز کی بات نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب لیبیا کے شمال میں قذافی کی حامی اور مخالف فوجوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے جہاں باغی اپنا کھویا ہوا علاقہ واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ مغربی اتحادی افواج کی جانب سے لیبیا میں حکومتی اور فوجی ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔





















