ایران: امریکی شہری کو سزائے موت

،تصویر کا ذریعہReuters
ایران کے ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران کی ایک عدالت نے ایرانی نژاد امریکی شہری کو امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں موت کی سزا دی ہے۔
ایران کے نیم خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق امریکی شہری عامر میرزئی حکمتی پر امریکہ سے تعاون، امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے لیے جاسوسی کرنے اور ایران کو دہشت گردی میں ملوث کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔
اٹھائیس سالہ عامر میرزئی کے خلاف گزشتہ ماہ عدالتی کارروائی شروع ہوئی تھی اور ان کے بارے میں بارے میں اعتراف جرم کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں۔
امریکہ میں مقیم عامر کے اہلحانہ کا کہنا ہے کہ وہ ایران میں اپنی دادی اور نانی سے ملنے گئے تھے۔
امریکہ نے عامر پر لگائے گئے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ انیس دسمبر کو ایران میں سرکاری ٹی وی چینل پر عامر میرزئی کی ویڈیو دکھائی گئی تھی۔
اس ویڈیو میں دکھایا جانے والا شخص اپنا نام عامر میرزئی حکمتی بتایا تھا جبکہ ان کا امریکی فوج کا شناختی کارڈ بھی دکھایا گیا اور اس کے ساتھ کچھ تصاویر بھی دکھائی گئی ہیں جن میں اسے افغانستان میں امریکی فوج کے ساتھ تربیت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اس مبینہ امریکی جاسوس کا کہنا ہے کہ اس کا مشن ایرانی حکومت کی کسی وزارت میں داخل ہونا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سرکاری ٹی وی پر کیے گئے دعوے کے مطابق یہ شخص ایرانی نژاد ہے مگر امریکہ کی ریاست ایرئزونا میں پیدا ہوا تھا۔







