جیکسن کی تصویر کی نیلامی

مصور مائیکل وارہول کی بنائی ہوئی مرحوم فنکار مائیکل جیکسن کی تصویر نیو یارک میں نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔
انیس سو چوراسی میں بنائی گئی اس تصویر کی نیلامی سے پہلے لندن میں او ٹو(O2) ایرینا میں ’برٹش میوزک ایکسپیریئنس‘ میں نمائش کی جائے گی جہاں جیکسن نے اپنا شو کرنا تھا۔
اس سے پہلے سن دو ہزار سات میں وارہول کی بنائی ہوئی اداکارہ لِز ٹیلر کی تصویر ایک کروڑ چالیس لاکھ پاؤنڈ میں فروخت ہوئی تھی۔ اسی برس وارہول کی ہی انیس سو تریسٹھ میں بنی ایک تصویر ’گرِین کار کریش‘ جس میں ایک اوندھی پڑی ہوئی کار میں آگ لگی ہوئی دکھائی گئی ہے چار کروڑ اٹھائیس لاکھ پاؤنڈ میں فروخت ہوئی تھی۔
امریکی مصور وارہول پاپ آرٹ رجحان میں شامل اہم مصوروں میں سے ایک تھے۔ ان کا سن انیس سو ستاسی میں انتقال ہو گیا تھا۔ جیکسن کی تصویر کی نیلامی سے پہلے یورپ میں واحد نمائش برٹش میوزک ایکسپیریئنس میں ہو گی۔
مائیکل جیکسن کا پچیس جون کو پچاس سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔
















