بالی وڈ ڈائری: کنگ خان کی سالگرہ

    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

شاہ رخ خان کی چوالیسویں سالگرہ ان کےگھر کے باہر مداحوں کی ایک بڑی تعداد ان کی ایک جھلک دیکھنے کےلیےبے تاب تھی۔ کنگ خان کی سالگرہ

بالی وڈ کنگ خان یعنی شاہ رخ خان کی آج سالگرہ ہے۔ وہ چوالیس برس کے ہوگئے۔ ایک طرف جہاں صبح سے ہی ان کے ہزارہا مداح ان کے بنگلے کے باہر ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب تھے۔ انہوں نے ایک دو نہیں تقریباً دو درجن کیک بھی کاٹے۔ وہیں خبر یہ بھی ہے کہ وطن سے دور لیکن ان کے دل کے بہت قریب آسٹریلیا میں رہنے والی ان کی ایک پرستار ہر برس ان کے لیے چاند پر ایک ایکڑ ٹکڑا خرید کر انہیں بطور تحفہ اس کا سرٹیفکیٹ دیتی ہیں۔ ہمیں تو خوف ہے کہ اگر شاہ رخ کے دیوانوں کی تعداد اسی طرح بڑھتی رہی تو کہیں کنگ خان پورے چاند کے مالک نہ بن جائیں اور پھر ہر عاشق کو اپنے محبوب کو چاند سا ٹکڑا کہنے کے لیے بھی کنگ خان کی اجازت لینی پڑے۔

سنسکاری بہو

ایشوریا رائے
،تصویر کا کیپشنایشوریا رائے امیتابھ بچن فلم کمپنی کی فلم’ پا‘ کی مشہوری کے لیے منصوبے بنا رہی ہیں

کیا آپ جانتے ہیں کہ اس انڈسٹری میں اتنی سنسکاری بہو کون ہے جو اپنے سسر اور شوہر کے فلم کے پروموشن کے لیے دن رات محنت کرے اور اپنی فلم کی شوٹنگ کینسل کر دے؟ صحیح پہچانا آپ نے ایشوریہ رائے بچن۔ فلم راون کی شوٹنگ ختم کرنے کے بعد اب ایش بے بی امیتابھ بچن اور اور ابھیشیک بچن کی فلم’ پا‘ کی تشہیر کے لیے منصوبے تیار کر رہی ہیں۔ دن رات میٹنگ اور پلاننگ۔ ویسے ایک بات بتائیں کہ فلم ’پا‘ امیتابھ بچن فلم کمپنی کی فلم بھی تو ہے۔ اس لیے منافع بھی تو گھر ہی میں رہے گا۔

جیک اینڈ جل

نہیں یہ نہ تو ہمارے عمر ہے نرسری گیت گانے کی اور نہ ہی آپ کو اسے سننے میں دلچسپی ہو سکتی ہے۔۔ ہاں لیکن اگر ہم آپ کو یہ بتائیں کہ یہ نرسری گیت آپ سب کی قطرینہ بے بی گارہی ہیں تب بھی کیا آپ کو اسے سننے کی خواہش نہیں ہو گی؟ ہمیں پتہ تھا۔ آپ اسے سننے کے لیے بے چین ہوں گے۔ اسی لیے تو اے آر رحمن نے اس کے لیے کیٹ بے بی کا انتخاب کیا ہے۔ جی ہاں یہ جوڑی نرسری گیتوں کو نئے انداز سے ایک نیا روپ دینے کی تیاری میں ہیں اور پھر یہ کسیٹ جلد ہی بازار میں دستیاب ہو گا۔ چلیے بچوں کے ساتھ ان کے پاپا بھی روز ہی سُنا کریں گے۔

پکا ایڈیٹ

آجکل کو عامر خان کوبیوی کرن ’پکا ایڈیٹ‘ کہہ کر پکارتی ہیں
،تصویر کا کیپشنآجکل کو عامر خان کوبیوی کرن ’پکا ایڈیٹ‘ کہہ کر پکارتی ہیں

عامر خان کو چاہے پوری دنیا چاہے صرف ایک نام یعنی ’ پرفیکٹ عامر‘ سے پکارے لیکن عامر کی بیوی کرن وقت کے ساتھ ساتھ انہیں الگ الگ خطابات سے نوازتی رہتی ہیں۔ ہم نے پہلے بھی لکھا تھا کہ وہ پیار سے عامر کو چھوٹے میاں بلاتی ہیں لیکن اب وہ نام انہوں نے بدل دیا ہے اب وہ انہیں ’پکا ایڈیٹ‘ بلاتی ہیں۔ ارے بھئی اس لیے نہیں کہ عامر کی آنے والی فلم کا نام ’تھری ایڈیٹس ‘ بلکہ اس لیے کہ عامر فلم کی ریلیز سے قبل اس فلم کی مختلف ویب سائٹس پر گھنٹوں اپنے پرستاروں سے رابطے میں رہتے ہیں اور کرن تنہا رہنے پر مجبور ہیں۔

تو میرے سامنے میں ۔

جب سے فلم انڈسٹری کے دو خانوں شاہ رخ خان اور سلمان خان کے درمیان جھگڑا ہوا ہے میڈیا ہمہ وقت اس انتظار میں رہتا ہے کہ کب دونوں خانوں کا آمنا سامنا ہو اور انہیں کوئی چٹپٹی خبر ملے خیر سے اس میں ہم بھی شامل ہیں۔ ویسے دونوں کے جاسوس ہمہ وقت لگے رہتے تھے کہ جہاں سلمان ہوں وہاں شاہ رخ نہیں جاتے تھے اور جہاں۔۔۔ لیکن اسے آپ اتفاق ہی کہیں گے ناں کہ لندن میں دونوں کے جاسوس نہیں تھے اور دونوں ایک ہی فلائیٹ پر سوار ہوئے۔ کیا ہوا ہو گا۔۔۔۔تجسس ناں۔۔۔ کچھ نہیں ہوا سلمان سارے راستے قہقہے لگاتے ایئر ہوسٹس کے ساتھ مذاق کرتے رہے اور شاہ رخ کتاب پڑھنے کے بعد سوتے رہے۔ چلیے شکر ہے کوئی بم تو نہیں پھٹا معاف کیجئے ہنگامہ نہیں ہوا۔۔

ٹکٹ لے لو

سلمان خان
،تصویر کا کیپشنآجکل سلمان اپنی نئی فلم کے ٹکٹ بیچتے نظر آتے ہیں

وقت کے ساتھ ساتھ فلموں کی تشہیر کے انداز بھی بدلے۔ اب تو ہر اداکار شاید ایک ماہ فلم کی شوٹنگ کرتا ہے تو اس کے بعد دوسرے ایک مہینے تک اس فلم کی پبلسٹی کے لیے دنیا بھر کا چکر بھی لگا لیتا ہے لیکن لندن ڈریمز کے اداکاروں نے ایک نیا طریقہ اپنایا سلمان خان نے دہلی کے دریا گنج میں واقع ملٹی پلیکس میں فلم کے ٹکٹ فروخت کیے تو وہیں اجے دیوگن نے ممبئی کے ملٹی پلیکس میں ٹکٹ بیچے۔

اور جب قطرینہ نے

قطرینہ کیف
،تصویر کا کیپشنقطرینہ نے جب رنبیر کے ساتھ ریمپ پر اتریں تو ایک ہنگامہ ہو گیا

اور جب قطرینہ کیف نے روہت بال کے فیشن شو میں ارجن رام پال کے ساتھ ریمپ پر اترنے سے انکار کر دیا تو ہنگامہ ہو گیا۔ ارجن غصے سے سیٹ چھوڑ کر چلے گئے۔ خبر یہ ہے کہ ڈیزائنر روہت بال کے شو سٹاپر کے طور پر ہمیشہ ارجن رام پال شریک ہوتے آئے ہیں۔ اس شو میں کیٹ بے بی اور رنبیر کپور کو بھی واک کرنا تھا۔ ارجن چاہتے تھے کہ کیٹ بے بی ان کے ساتھ جوڑی بنائیں لیکن کیٹ نے انکار کر دیا وہ رنبیر کے ساتھ ریمپ پر اترنا چاہتی تھیں۔ یہ بات ارجن کو پسند نہیں آئی اور وہ سیٹ چھوڑ کر چلے گئے۔ اب کوئی ارجن کو سمجھائے کہ کیٹ بے بی کی جوڑی ان کے ساتھ اچھی لگتی ہے یا رنبیر کے ساتھ؟

ساؤتھ کا ری میک

فلم گھجنی پہلے جنوبی ہند کی زبان میں بنی مقبول ہوئی تو فلمساز نے ایک اور تجربہ کیا انہوں نے ایک اور جنوبی ہند کی فلم کا ری میک وانٹیڈ بنا دیا۔ اب ساجد نڈیاڈوالا تمل زبان کی فلم ’ کک‘ کا ری میک ' سنکی ' بنانے کی تیاری کر رہے ہیں جس میں اپنے پسندیدہ ہیرو سلمان خان کو بطور ہیرو کاسٹ کریں گے۔ چلیئے کبھی ہالی وڈ فلموں کا ری میک ہوا کرتا تھا اب جنوبی ہند کی فلموں کو ہندی فلم کے ڈھانچے میں ڈھالنے کا چلن عام سا ہو رہا ہے۔ چلیئے اگر چوری کی شکایت ہوئی بھی تو ہم کہہ تو سکتے ہیں کہ کیا ہواگھر کا ہی معاملہ ہے۔