ایم ٹی وی: بیونسے نے تین ایوارڈ جیتے

گلوکارہ بیونسے نے جرمنی کے شہر برلن میں ہونے والے ایم ٹی وی یورپ میوزک ایوارڈز میں تین ایوارڈ جیتے ہیں۔
بیونسے کے مدِ مقابل لیونا لیوس جیسے فنکار تھے۔ بیونسے نے بہترین خاتون گلوکارہ، بہترین گانا اور بہترین ویڈیو کا انعام جیتا۔ انہوں نے جس گانے پر ایوارڈ جیتا ہے وہ گانا انہوں نے فلم ہلو کے لیے گایا تھا اور بہترین ویڈیو کا ایوارڈ فلم سنگل لیڈی میں گانے پر ملا۔ انہوں نے بہترین ویڈیو کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اس کو اپنے شوہر جے زی کے نام کرتے ہوئے کہا ’میں صرف ایک شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں اور وہ ہیں میرے شوہر جے۔‘
یہ تقریب برلن دیوار کے انہدام کے بیس سال مکمل ہونے پر اس شہر میں منعقد کی گئی تھی۔
بینڈ یو ٹو نے بہترین لائیو پرفارمنس کا ایوارڈ حاصل کیا۔ اس بینڈ نے ایک کنسرٹ بھی کیا اور اس کنسرٹ میں موقعے کی مناسبت سے انہوں نے سنڈے بلڈی سنڈے گانا بھی گایا۔ تاہم یہ کنسرٹ اس وقت متنازعہ ہوگیا جب سٹیج کے ارد گرد دو میٹر اونچا بیریئر لگایا گیا۔ لیکن اس کنسرٹ کے منتظمین نے کہا کہ یہ بیریئر سکیورٹی کو مدِنظر رکھتے ہوئے کھڑا کیا گیا ہے۔
اس سال کے ایوارڈ کی میزبانی بھی گلوکارہ کیٹی پیری ہی نے کی۔ انہوں نے اس تقریب میں سات مختلف لباس زیب تن کیے۔
ریپر جے زی کو بہترین شہری گائیک کا ایوارڈ ملا۔ اس کے علاوہ جرمنی کے ایک بینڈ ٹوکیو ہوٹل کو بہترین گروپ کا ایوارڈ ملا جبکہ ایمینیم کو بہترین مرد گلوکار کا ایوارڈ ملا۔ بہترین سٹیج پرفارمنس کا ایوارڈ لنکن پارک نے جیتا۔

















