سونیا نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے

بھارت میں عام انتخابات کی سرگرمیوں ميں پیر کے دن کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے ریاست اتر پردیش میں رائے بریلی کے انتخابی حلقے سے اپنے کاعذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔
ادھر ایٹا جیل میں قید بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ورون گاندھی سے ملاقات کرنے پارٹی کے صدر راجناتھ سنگھ پہنچے ہیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار رام دت ترپاٹھی نے بتایا ہے کہ سونیا گاندھی سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان دوپہر ساڑھے بارہ بجے رائے بریلی ضلع مجسٹریٹ پہنچی اور اپنے کاغذات نامزدگی انتخابی اہلکار کے حوالے کیے۔
اس موقع پر ان کے بیٹے اور پارٹی کے جنرل سیکرٹری راہول گاندھی اور سابق مرکزی وزیر کیپٹن ستیش شرما بھی موجود تھے۔
سونیا گاندھی پہلے امیٹھی سے رکن اسمبلی تھیں لیکن دو ہزار چار کے لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے امیٹھی سیٹ راہول گاندھی کو دیدی تھی اور خود رائے بریلی سیٹ سے انتخابی میدان میں اتری تھیں۔
اس سیٹ پر گاندھی خاندان کی پکڑ مضبوط رہی ہے۔ اندرا گاندھی 1967 سے اسی سیٹ پر کامیاب ہوئی تھیں۔ لیکن 1977 میں جنتا پارٹی کی لہر ميں وہ انتخاب ہار گئی تھیں۔ لیکن 1980 میں وہ پھر سے اسی سیٹ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئیں۔

ادھر اتر پردیش کی ایٹا جیل میں قید بھارتیہ جنتا پارٹی کے پیلی بھیت انتخابی حلقے کے امیدوار ورون گاندھی سے ملنے پارٹی کے صدر راجناتھ سنگھ پہنچے ہیں۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی سیاسی اور قانونی روپ سے ورون گاندھی کے ساتھ کھڑی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اتر پردیش میں ورون گاندھی پر زیادتیاں کی جا رہی ہیں۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بی جے پی اس معاملے میں چپ نہيں بیٹھے گی اور لوگوں کے درمیان اس معاملے کو لے جائے گی۔
ورون گاندھی کو مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام ميں گرفتار کر لیا گیا تھا اور بعد ميں انہيں پیلی بھیت سے ایٹا جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔



















