کشمیر: 3 شدت پسند ہلاک، ہڑتال میں توسیع

- مصنف, ریاض مسرور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سرینگر
بھارتی فوج نے کشمیر کے جنوبی خطہ ڈوڈہ میں ایک کاروائی کے دوران کالعدم لشکر طیبہ کے تین شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اس دوران وادی میں علیحدگی پسندوں نے مزید دو روز کے لئے ہڑتال اور مظاہروں کی کال دی ہے۔
جموں میں مقیم بھارتی فوج کی شمالی کمان کے ترجمان کرنل وپلو کمار نے بی بی سی کو فون پر بتایا' یہ جھڑپ جمعہ کی صبح وڈہ میں گندوہ قصبہ سے نو کلومیٹر دُور ہماچل پردیش کی سرحد کے قریب ہوئی ہے۔ اس میں لشکرطیبہ کے پاکستانی ملی ٹینٹ ابو معرفت سمیت تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔'
کرنل وپلو نے مزید بتایا کہ جھرپ کی جگہ سے ایک اے کے سینتالیس رائفل برآمد ہوئی ہے تاہم تلاشی کاروائی ابھی بھی جاری ہے۔ دریں اثنا وادی میں دو خواتین کی سرکاری فورسز کے ہاتھوں مبینہ عصمت ریزی کے خلاف یکم جون کو شروع ہوئی احتجاجی تحریک جاری ہے اور علیٰحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی نے مزید دو روز کے لئے ہڑتال اور مظاہروں کی اپیل کی ہے۔
اس دوران جمعہ کی نماز کے بعد پوری وادی میں جگہ جگہ پتھر باز مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم آرائیاں ہوئیں جن میں متعدد پولیس اہلکارو اور مظاہرین زخمی ہوگئے۔
پولیس نے سید علی گیلانی اور محمد یٰسین ملک کو احتیاطی حراست میں لے لیا۔ شبیر احمد شاہ کو پچھلے ہفتے نو ماہ کی قید کے بعد رہا کیا گیا تھا لیکن انہیں دوبارہ گرفتار کرکے دس روز کی عدالتی ریمانڈ کے تحت دوبارہ سینٹرل جیل بھیج دیا گیا۔

















