جی ایٹ میں منموہن سنگھ کی شرکت

ہندوستان کے وزیراعظم منموہن سنگھ اٹلی کے لیے روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ جی ایٹ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
مسٹر سنگھ اٹلی میں عالمی رہنماؤں سے اقتصادی معاملات سمیت کئی امور پر بات کریں گے۔
روانہ ہونے سے پہلے ان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’میں جی ایٹ اور جی فائیو کے اجلاس میں شرکت کے لیے اٹلی جارہا ہوں۔ وہاں میں عالمی اقتصادی مندی، توانائی کے تحفظ اور ماحولیات کے متعلق بھارت کے موقف کو پیش کروں گا۔‘
واضح رہے کہ جی فائیو گروپ میں برازیل، بھارت، چین، میکسیکو اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا اٹلی کی سربراہی میں جی ایٹ کے اجلاس میں تجارت اور ماحولیات کی تبدیلی پر جو بات چیت ہوگی اس میں وہ حصہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’گلوبل مالی اور معاشی بحران کا اثر بھارت جیسے ترقی پذیر ملک کی ترقی پر بھی پڑا ہے۔ یہ مشکل ہماری پیدا کی نہیں ہوئی ہے لیکن نتائج ہم بھگت رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک میں اقتصادی بحران کے سبب بھارتی برآمدات اور سرمایہ کاری میں کافی کمی آئی ہے۔ منموہن سنگھ کا کہنا تھا کہ اقتصادی صورت حال کو بہتر بنانے اور اس میں تیزی لانے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کوشش کرنی چاہیے۔
بھارتی وزیر اعظم اٹلی کے اپنے دورے میں جرمنی، انگولا، برطانیہ اور اٹلی کے رہنماؤں سے علحیدہ علیحدہ ملاقات کریں گے۔
جی ایٹ اجلاس میں ماحولیات کی تبدیلی پر خاص بات چیت ہونی ہے اور مبصرین کے مطابق اس مسئلے پر بھارت، چین اور مغربی ممالک کے درمیان کافی اختلافات ہیں۔ ماہرین کے مطابق کوشش یہ ہوگی کہ اس بار ماحولیات کی تبدیلی کے سوال پر تمام ممالک کسی ایک موقف پر متفق ہو جائیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















