ممبئی:ریلوے ملازمین کی ہڑتال ختم

ممبئی ٹرین
،تصویر کا کیپشنممبئی کی لوکل ٹرین میں ہر دن 65 لاکھ افراد سفر کرتے ہیں

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کے وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے کہا ہے کہ ریلوے ملازمین اور حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد ملازمین نے ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔

اس کے بعد امید کی جارہی ہے کہ ہڑتال کرنے والے ستر ’موٹر مین‘ جلد ہی اپنے کام پر واپس آ جائیں گے۔ یہ موٹر مین ریل انجن سٹارٹ کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

ہڑتالی موٹر مین چھٹے اجرت کمیشن کے تحت اپنی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ریلوے انتظامیہ اور موٹر مینوں کی یونین کے درمیان اتوار کو بات چیت ہوئی تھی لیکن وہ بے نتیجہ رہی۔ اس اجلاس کے بعد مغربی اور سینٹرل ریلوے کے موٹر مین ہڑتال پر چلے گئے تھے۔

اس ہڑتال کے باعث ممبئی کی ’لائف لائن‘ سمجھی جانے والی لوکل ٹرین سروس شدید متاثر ہوئی تھی اور لاکھوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اطلاعات کے مطابق بعض موٹر مینز کو ہڑتال کرنے پر برخاست بھی کر دیا گیا تھا لیکن وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ان ملازمین کو بحال کیا جائے گا۔

ہڑتال کے دوران محکمہ ریلوے نے مسافروں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ لوکل ٹرین کے سفر سے گریز کریں جبکہ سینٹرل ریلوے کے ترجمان نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا تھا کہ ممبئی کے شہریوں کے لیے سرکاری بسوں کا انتظام کیا گیا تھا۔

پارلیمان میں ہنگامہ آرائی کے دوران ترنمول کانگریس کے رہنماؤں کی بھارتیہ جنتا پارٹی اور شوسینا کے ممبران سے جھڑپ بھی ہوئی جس کے بعد پارلیمان کی کارروائی کو ملتوی کرنا پڑا۔

ممبئی کی لوکل ٹرین کو وہاں کی ’لائف لائن‘ مانا جاتا ہے اور ٹرینوں کی ہڑتال کی وجہ سے زندگی کے ہر شعبے پر اثر پڑتا ہے۔ ممبئی میں روزانہ تقریباً 65 لاکھ افراد لوکل ٹرین سے سفر کرتے ہیں۔