میرا بھائی کہاں ہے؟

- مصنف, دیوِیا تلوار
- عہدہ, بی بی سی ایشین نیٹورک
انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہزاروں افراد لاپتہ ہیں جن میں متعدد برطانوی شہریوں کے رشتےدار بھی ہیں۔
برطانیہ کے ویسٹ مڈلینڈ میں رہنے والی ذہین خواجہ کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی ڈاکٹر عابد شریف گزشتہ چار سال سے پاکستان میں لاپتہ ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عابد کا حلیہ ایک ’باعمل مسلمان‘ کے جیسا ہے۔ ان کی لمبی داڑھی ہے اور وہ کھلے عام طالبان کی حمایت کرتے تھے۔
ذہین کا کہنا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ وہ کہاں ہیں۔
ذہین خواجہ کے مطابق لاپتہ ہونے سے پہلے ان کے بھائی نے اپنی حاملہ بیوی سے کہا تھا کہ وہ اپنے ایک دوست سے ملنے پشاور جا رہے ہیں۔ڈاکٹر عابد جمعرات کو گئے تھے اور اتوار کو انہیں واپس راولپنڈی آنا تھا چار سال ہو گئے اور وہ آبھی تک واپس نہیں آئے۔
پشاور میں پولیس نے ڈاکٹر شریف کے گھر والوں کو بتایا کہ انہیں سرکاری ایجنسی والے لے گئے ہیں لیکن اب تک ان کا کوئی پتہ نہیں ہے۔
ذہین خواجہ کا کہنا ہے کہ انہیں کسی اور کے دھوکے میں پکڑا گیا ہے ’میرے خیال میں میرے بھائی کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ درست ہے کہ ان کی ہمدردیاں طالبان کے ساتھ تھیں لیکن یہ کوئی جرم نہیں ہے‘۔
انسانی حقوق کے کارکنوں کے اندازے کے مطابق سینکڑوں برطانوی کنبوں کے رشتے دار غائب ہیں۔خیال ہے کہ ان لوگوں کو سرکاری ایجنسیاں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبہہ میں گرفتار کر لیتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انسانی حقوق کی تنظیم برٹش ہیومن رائٹس برطانیہ میں ان خاندانوں کے لیے مہم چلاتی ہے جن کے رشتے دار پاکستان میں لاپتہ ہیں۔
تنظیم کے سربراہ انجم طاہر خیلی کا کہنا ہے کہ لوگوں کا اس طرح غائب ہونا ’ظالمانہ عمل‘ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’اگر ان لوگوں نے قانون کو توڑا ہے تو انہیں عدالت کے سامنے لایا جائے اور عدالت یہ فیصلہ کرے کے آیا وہ مجرم ہیں یا بےقصور‘۔
انجم طاہر کا کہنا ہے کہ ان لاپتہ افراد کے رشتے داروں کو معلوم ہونا چاہئے کہ کس کو پکڑا گیا ہے اور کیوں۔
ذہین خواجہ کا کہنا ہے کہ اگر ان کے بھائی قصوروار ہیں تو یہ فیصلہ عدالت کو کرنا چاہیے۔ان کا خیال ہے کہ حکومتِ پاکستان ایسے لوگوں کے رشتے داروں کے سوالوں کا جواب نہیں دے سکی اس لیے وہ امید کرتی ہیں کہ برطانیہ کی حکومت پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو روکنے میں مدد کرے۔




















